اسی ویڈیو کو سبق 4 کے ساتھ جو اس سلسلے میں اسی طرح کے سوالات پوچھتا ہے: کیا چرچ نے ہمیشہ اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روح القدس تثلیث کا ایک برابر رکن ہے؟ کیا مقدس کلام یہ ظاہر کرتا ہے کہ روح القدس مکمل طور پر خدا ہے؟ روح القدس کے الہی کام کے کچھ پہلو کون سے ہیں جو مومنوں کے لئے سب سے زیادہ فائدہ مند ہیں؟ کیا روح القدس کے شخص ہونے کی وجہ سے مسیحی فائدہ اٹھاتے ہیں؟ روح القدس کی درونی رہائش کے کچھ ذاتی اور پادری مضمرات کیا ہیں؟ ہمیں اپنے روحانی تحفوں کے ساتھ کیا کرنا چاہئے؟ کیا ان لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے جو چرچ کی زندگی میں شامل نہیں ہیں؟ روح القدس کس قسم کی سچائی کو عام وحی کے ذریعے ظاہر کرتا ہے؟ روشنی ہمارے خدا کی وحی کی سمجھ کو کس طرح متاثر کرتی ہے؟ اندرونی رہبری ایک مسیحی کی زندگی میں کیا کردار ادا کرتی ہے؟ ہم کس طرح اس روشنی اور اندرونی رہبری کی تصدیق کر سکتے ہیں جسے ہم نے وصول کیا ہے؟ ہمیں اپنی عبادت اور دعاؤں میں روح القدس کا جواب کیسے دینا چاہئے؟
From the transcript
کلیسیا کی ہر روایت کا اپنا ایک خاص زور یا پہلو ہوتا ہے۔ کچھ روایات عبادت پر زور دیتی ہیں۔ کچھ نظریات، سچائی اور عقائد پر زور دیتی ہیں۔ کچھ سماجی شمولیت اور نیک کاموں پر زور دیتی ہیں۔ کچھ ایمانداروں کے درمیان اتحاد پر زور دیتی ہیں۔ کچھ متحرک مسیحی زندگی پر زور دیتی ہیں۔ اور یہ تمام پہلو اپنی جگہ اچھے ہیں۔ لیکن ایک ایسی بنیادی حقیقت ہے، جسے اکثر بہت سے مسیحی نظر انداز کر دیتے ہیں، اور جو ہمارے ان تمام پہلوؤں کو متحد کرتی ہے۔ وہ ایسی ہستی ہے جس سے مسیح کے بدن میں یہ تمام اچھی چیزیں جاری ہوتی ہیں۔ وہ وہی ہستی ہے جو مسیحی ایمان کے ان تمام اور دیگر شعبوں میں ہماری حوصلہ افزائی کرتی اور ہمیں بااختیار بناتی ہے۔ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے، اور ہماری زندگیوں میں نجات کے کے لیے کام کر رہی ہے۔ وہ ہمارے اندر موجود اصل زندگی ہے۔ وہ کوئی اور نہیں بلکہ خدا کا روح القدس ہے۔
رسولوں کے عقیدےپر ہماری اس سیریز کا یہ چوتھا سبق ہے۔ اور ہم نے اس سبق کو "روح القدس" کا عنوان دیا ہے کیونکہ ہم عقیدہ کے اُس بیان پر توجہ مرکوز کریں گے جو تثلیث کی تیسری ہستی ، یعنی روح القدس پر ایمان کی تصدیق کرتا ہے۔ رسولوں کا عقیدہ ایک ہی سطر میں براہِ راست روح القدس کے موضوع پر بات کرتا ہے:
میں ایمان رکھتا ہوں روح القدس پر ۔
عقیدےمیں اُس کے بارے میں واحد دوسرا بیان یہ ہے کہ روح القدس نے یسوع کو مریم کے پیٹ میں ڈالا۔ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، عقیدہ روح القدس کے بارے میں نسبتاً بہت کم کہتا ہے۔ کم از کم واضح طور پر ایسا نظر نہیں آتا۔ لیکن یہ عقیدہ روح کے بارے میں بہت سی اہم سچائیوں کی طرف اشارہ کرتا ہے جو پوری تاریخ میں ایمانداروں کے لیے انتہائی اہم رہی ہیں۔
روح القدس پر ہماری بحث تین حصوں میں تقسیم ہوگی۔ پہلے، ہم اُس کی الوہیت کے بارے میں بات کریں گے، یعنی الوہیت میں اُس کی مکمل رکنیت۔ دوسرے، ہم اُس کی شخصیت پر غور کریں گے، اور یہ دیکھیں گے کہ روح القدس ایک حقیقی ہستی ہے، اور محض کوئی الٰہی قوت نہیں ہے۔ اور تیسرے، ہم اُس کام کا جائزہ لیں گے جو اُس نے ماضی میں کیا، اور جو وہ آج بھی کر رہا ہے۔ آئیے روح القدس کی الوہیت سے آغاز کرتے ہیں۔
روح القدس کی الوہیت پر تحقیق کی غرض سے، ہم دو سمتوں میں دیکھیں گے۔ ایک طرف، ہم دیکھیں گے کہ رسولوں کا عقیدہ روح القدس کی الوہیت پر ایمان کی تصدیق کیسے کرتا ہے۔ اور دوسری طرف، ہم اس عقیدےکی تعلیم کی بنیاد، بائبل مقدس سے تلاش کریں گے۔ آئیے اس طریقے سے آغاز کرتے ہیں جس سے رسولوں کا عقیدہ، روح القدس کی الوہیت کی تصدیق کرتا ہے۔
جب روح القدس کی ہستی کے بارے میں بات آتی ہے، تو ایک سوال جو لوگ اکثر پوچھتے ہیں وہ یہ ہے کہ آیا کلیسیا نے ہمیشہ روح القدس کی الوہیت کا اقرار یا دعویٰ کیا ہے یا نہیں۔ اور یقیناً، یہ حقیقت تاریخی ریکارڈ میں ہمارے پاس موجود ہے کہ نیقیہ کے عقیدہ اور نیقیہ کی کونسل نے روح القدس کی ہستی کے بارے میں اس بات کو مکمل طور پر واضح نہیں کیا تھا، اور اسی لیے ایک اور کونسل بلائی گئی... اس بات نے کچھ لوگوں کو یہ کہنے پر مجبور کیا ہے کہ، "دیکھیں، کلیسیا نے ہمیشہ روح القدس کی الوہیت کا اعتراف نہیں کیا تھا۔" میرا خیال ہے کہ یہ غلط ہے۔ کونسلز کبھی بھی نیا عقیدہ وضع کرنے کے لیے نہیں بلائی گئی تھیں۔ کونسلز ہمیشہ اس لیے بلائی جاتی تھیں تاکہ گمراہ کن نظریات کے سامنے کلیسیا کی تاریخی اور روایتی تعلیم کے فہم کو واضح کیا جا سکے... اور اس لیے، آپ کہہ سکتے ہیں کہ... ہمارے پاس یہ یقین کرنے کی بہت اچھی وجہ ہے کہ رسولوں کے دور سے لے کر، اور رسولوں کے بعد آنے والے کلیسیائی بزرگوں اور کلیسیا کے ابتدائی ماہرینِ الٰہیات کی منادی کے ذریعے، ہم روح القدس کی الوہیت کی تعلیم کا سراغ لگا سکتے ہیں۔
— ڈاکٹر سٹیو بلیک مور
شروع ہی میں ہمیں یہ تسلیم کر لینا چاہیے کہ رسولوں کا عقیدہ واضح طور پر یہ بیان نہیں کرتا کہ روح القدس الٰہی ہے۔ لیکن یہ کم از کم دو طریقوں سے روح القدس کی الوہیت کی تصدیق کرتا ہے۔ اول تو اس کی تثلیثی ساخت روح القدس کو اہم طریقوں سے باپ اور بیٹے کے برابر قرار دیتی ہے۔ اور دوم ، یسوع کے حاملہ ہونے کے بارے میں عقیدےکی تفصیل اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ روح القدس الٰہی ہے۔ آئیے ان دونوں مسائل کو دیکھتے ہیں، اور عقیدے کی ساخت سے آغاز کرتے ہیں۔
آپ کو یاد ہوگا کہ پچھلے سبق میں، جب ہم نے خدا کے عقیدے کے نکتہ ِ نظر سے اس عقیدہ کا جائزہ لیا تھا، تو ہم نے ذکر کیا تھا کہ رسولوں کا عقیدہ تین اہم حصوں پر مشتمل سمجھا جا سکتا ہے، جن میں سے ہر ایک کا آغاز اس بیان سے ہوتا ہے "میں ایمان رکھتا ہوں"۔ پہلا حصہ خدا باپ پر ایمان کی بات کرتا ہے۔ دوسرا حصہ یسوع مسیح، اُس کے اکلوتے بیٹے، ہمارے خداوند پر ایمان کے بارے میں ہے۔ اور تیسرا حصہ روح القدس پر ایمان کا خلاصہ پیش کرتا ہے، اور اُس کی فعال خدمت کی فہرست بیان کرتا ہے۔
جیسا کہ ہم نے پچھلے سبق میں دیکھا، رسولوں کا عقیدہ وقت کے ساتھ ساتھ پروان چڑھا، اور اس کے ابتدائی ورژن مقامی طور پر بپتسمہ کے وقت استعمال ہونے والے عقائد تھے۔ ان ابتدائی عقائد میں سے کچھ میں یسوع کے متعلق آرٹیکلز سے پہلے "میں ایمان رکھتا ہوں" کے الفاظ شامل تھے۔ لیکن دوسروں میں محض لفظ "اور" استعمال کیا گیا تھا، جیسا کہ عقیدے کا وہ ورژن جو 700 عیسوی کے لگ بھگ معیاری بن گیا تھا۔ لیکن اُن کے مخصوص الفاظ سے قطع نظر، تصور ایک ہی تھا: عقیدہ خدا کی تین ہستیوں کے مطابق تقسیم کیا گیا تھا۔ اور اس تقسیم کو کلیسیا نے عالمی سطح پر تسلیم کیا ہے۔ یہ تثلیثی فارمولا اس ایمان کا اظہار کرتا ہے کہ خدا صرف ایک ہی ہے، اور وہ تین ہستیوں میں موجود ہے، یعنی باپ، بیٹا اور روح القدس۔
ابتدائی کلیسیائی بزرگ ہپولائٹس (Hippolytus)، جو 170 سے 236 عیسوی تک زندہ رہے، اُنہوں نے وضاحت کی کہ اُن کے دور میں استعمال ہونے والا بپتسمہ کا عقیدہ اس تثلیثی ساخت کو بہت واضح طور پر بیان کرتا تھا۔ یہ عقیدہ شاید ایک مقامی عقیدے کے طور پر شروع ہوا تھا، لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ کافی حد تک وسیع پیمانے پر استعمال ہونے لگا تھا۔ اس کی زبان موجودہ رسولوں کے عقیدے سے بہت ملتی جلتی ہے، اور جس طرح بپتسمہ کی تقریبات میں اس کا استعمال کیا جاتا تھا وہ اس کے مضبوط تثلیثی پہلو کو نمایاں کرتا ہے۔
ہپولائٹس نے وضاحت کی کہ بپتسمہ کسی شخص کو تین بار غوطہ دے کر دیا جاتا تھا۔ ہر غوطے کے وقت، بپتسمہ لینے والے شخص کو بپتسمہ کے عقیدے کے اس حصے کی تصدیق کرنی ہوتی تھی جو تثلیث کے اشخاص میں سے کسی ایک سے متعلق ہو۔ پہلے وہ شخص باپ سے متعلق ایمانی آرٹیکلز کا اعتراف کرتا؛ پھر اُسے غوطہ دیا جاتا۔ اس کے بعد بیٹے سے متعلق ایمانی آرٹیکلز کی تصدیق کی جاتی، جس کے بعد دوسرا غوطہ دیا جاتا۔ اور آخر میں، روح القدس سے متعلق آرٹیکلز کی تصدیق، اور تیسرا ور آخری غوطہ دیا جاتا۔ ابتدائی کلیسیا میں اس اور اس طرح کے دیگر معمولات کے ذریعے ہم دیکھ سکتے ہیں کہ خود عقیدہ کی ساخت کو جان بوجھ کر اس طرح ترتیب دیا گیا تھا کہ روح القدس سمیت تثلیث کی ہر ہستی کی الوہیت اور کام کو نمایاں کیا جا سکے۔
دوسرا طریقہ جس سے رسولوں کا عقیدہ روح القدس کی الوہیت کی تصدیق کرتا ہے وہ یسوع کے پیٹ میں پڑنے کی تفصیل ہے۔
رسولوں کا عقیدہ کہتا ہے کہ یسوع مسیح، خدا کا بیٹا:
روح القدس کی قدرت سے پیٹ میں پڑا۔
یہ بیان واضح طور پر یہ اعلان نہیں کرتا کہ روح القدس مکمل طور پر الٰہی ہے، لیکن یہ اس عقیدے کی پختہ نشاندہی کرتا ہے۔ یسوع کے پیٹ میں پڑنے کا ذکر کرتے وقت، عقیدہ لوقا 35:1 کی طرف اشارہ کرتا ہے، جہاں فرشتے نے مریم سے یہ الفاظ کہے تھے:
رُوحُ القُدس تُجھ پر نازِل ہو گا اور خُدا تعالےٰ کی قُدرت تُجھ پر سایہ ڈالے گی اور اِس سبب سے وہ مَولُودِ مُقدّس خُدا کا بیٹا کہلائے گا ۔(لوقا 35:1)
اس آیت میں روح القدس کو "حق تعالیٰ کی قدرت" کے برابر قرار دیا گیا ہے۔ جیسا کہ ہم اس سبق میں آگے دیکھیں گے، صرف خدا ہی حق تعالیٰ کی قدرت کا مالک ہو سکتا ہے۔ چنانچہ، روح القدس کے کام کی مثال کے طور پر اس آیت کا حوالہ دے کر، رسولوں کا عقیدہ روح القدس کی مکمل الوہیت کی تصدیق کرتا ہے۔ اس نتیجے کی تصدیق عبرانیوں 5:10-7 سے بھی ہوتی ہے، جہاں لکھا ہے:
اِسی لِئے وہ دُنیا میں آتے وقت کہتا ہے کہ تُو نے قُربانی اور نذر کو پسند نہ کِیا۔بلکہ میرے لِئے ایک بدن تیّار کِیا۔پُوری سوختنی قُربانِیوں اور گُناہ کی قُربانِیوں سےتُو خُوش نہ ہُؤا۔اُس وقت مَیں نے کہا کہ دیکھ! مَیں آیا ہُوں۔(کِتاب کے ورقوں میں میری نِسبت لِکھا ہُؤا ہے)تاکہ اَے خُدا! تیری مرضی پُوری کرُوں۔(عبرانیوں 5:10-7)
یہاں ہمیں بتایا گیا ہے کہ یسوع کا انسانی بدن تیار کرنا خاص طور پر خدا کا کام تھا۔ ایسی آیات کی روشنی میں یہ کہنا درست ہے کہ جب رسولوں کا عقیدہ یسوع کے پیٹ میں پڑنے کی نسبت روح القدس کی طرف کرتا ہے، تو اس کا مقصد روح القدس کی الوہیت کی تصدیق کرنا ہوتا ہے۔
اب جبکہ ہم دیکھ چکے ہیں کہ رسولوں کا عقیدہ روح القدس کی الوہیت پر ایمان کا اظہار کیسے کرتا ہے، آئیے اس کی بائبل پر مبنی بنیادوں پر نظر ڈالتے ہیں۔
اس بات کو تسلیم کرنے کی بڑی قدر و منزلت ہے کہ جس ایمان کی ہم آج تصدیق کرتے ہیں، اس کی صدیوں سے مستقل طور پر تصدیق کی جاتی رہی ہے۔ یہی ایک وجہ ہے کہ یہ سمجھنا بہت مفید ہے کہ رسولوں کا عقیدہ روح القدس کی الوہیت کے بارے میں کیا سکھاتا ہے۔ اس کے باوجود، ہمارا سب سے بڑا اعتماد خود کلامِ مقدس سے حاصل ہوتا ہے۔ ہم عقیدے کی قدر کلامِ مقدس کے متبادل کے طور پر نہیں بلکہ کلامِ مقدس کے ایک خلاصے کے طور پر کرتے ہیں ۔ اور اسی وجہ سے، ہمارے لیے یہ یقینی بنانا ہمیشہ اہم ہوتا ہے کہ عقیدہ جو کچھ کہتا ہے وہ بائبل کے عین مطابق ہو۔
میرے خیال میں ہم کم از کم چار ایسے پہلو دیکھتے ہیں جن میں کلامِ مقدس ہمیں روح القدس کی الوہیت کی تصدیق کی طرف لے جاتا ہے۔ پہلا، یہ حقیقت کہ بعض متن میں روح القدس کو خدا کے ہم معنی کے طور پر استعمال کیا گیا ہے... روح القدس کی الوہیت کے لیے ثبوت کا دوسرا پہلو یہ حقیقت ہے کہ بعض ایسی صفات جو صرف خدا کی ملکیت ہیں، وہ روح القدس سے منسوب کی گئی ہیں... تیسرا یہ کہ روح القدس ایسے کام بھی انجام دیتا ہے جو صرف خدا ہی انجام دے سکتا ہے... اور آخر میں، ہم دیکھتے ہیں کہ روح القدس کو متی 28 کے اُس واحد نام میں شامل کیا گیا ہے جس میں مسیحی بپتسمہ پاتے ہیں۔
— ڈاکٹر کیتھ جانسن
روح القدس کی الوہیت پر ایمان لانے کی بائبل پر مبنی بنیاد کو کئی طریقوں سے ثابت کیا جا سکتا ہے۔ لیکن اپنے مقاصد کے لیے، ہم ان ناموں پر توجہ مرکوز کریں گے جن سے اُسے پکارا جاتا ہے، وہ صفات جو وہ رکھتا ہے، وہ کام جو وہ انجام دیتا ہے، اور وہ تثلیثی فارمولے جو اُس کا ذکر کرتے ہیں۔ آئیے کلامِ مقدس میں روح القدس سے منسوب مختلف ناموں سے آغاز کرتے ہیں۔
بائبل میں روح القدس کو بہت سے ناموں سے پکارا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ نام بہت ہی ڈھکے چھپے انداز میں اُس کی الوہیت کا اشارہ دیتے ہیں۔ دوسرے اُسے الٰہی کہنے میں بہت واضح ہیں۔ اور کچھ دیگر نام ان دونوں انتہاؤں کے درمیان کہیں موجود ہوتے ہیں۔
شاید وہ نام جو سب سے زیادہ ڈھکے چھپے انداز میں اُس کی الوہیت کی طرف اشارہ کرتا ہے، وہ خود "روح القدس" کا نام ہے۔ لفظ "مقدس" تخلیق کے اُن پہلوؤں کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے جو کسی بھی طرح سے الٰہی نہیں ہیں۔ لفظ "مقدس" عام طور پر اُن چیزوں کے لیے استعمال ہوتا ہے جو اپنے عام ہم منصبوں سے ممتاز ہوتی ہیں کیونکہ وہ کسی نہ کسی طرح خدا کے لیے خاص ہوتی ہیں۔ چنانچہ، لفظ "مقدس" بذاتِ خود یہ ظاہر نہیں کرتا کہ روح القدس الٰہی ہے۔
اس کے باوجود، یہ نوٹ کرنا اہم ہے کہ پورے عہد نامہِ قدیم میں خدا ہی ہے جسے بار بار "قدوس" یا "مقدس ہستی" کہہ کر پکارا گیا ہے۔ ہم اسے درجنوں مقامات پر دیکھتے ہیں، جیسے 2 سلاطین 22:19، یسعیاہ 11:30-15، اور ہوسیع 9:11-12۔ اور کچھ دیگر اقتباسات ایسے ہیں جو روح القدس کے نام سے خود خدا کی طرف اشارہ کرتے معلوم ہوتے ہیں، جیسے یسعیاہ 63:63-11۔ ہم قدیم لیکن غیر الہامی یہودی ادب میں بھی اس قسم کے نام دیکھتے ہیں، جیسے کہ "حکمت کی کتا ب 9 : 17 " میں۔ عہد نامہِ قدیم کے اس پس منظر میں، "روح القدس" کے نام میں الوہیت کا اشارہ دیکھنا بالکل بجا ہے۔
ان ڈھکے چھپے ناموں کو ذہن میں رکھتے ہوئے، آئیے کچھ ایسے ناموں کو دیکھتے ہیں جو روح القدس کی الوہیت کو اس طریقے سے ظاہر کرتے ہیں جو ڈھکے چھپے اور بالکل واضح کے درمیان کہیں واقع ہیں۔ ان ناموں میں "خداوند کا روح"، "خدا کا روح"، اور "زندہ خدا کا روح" شامل ہیں۔ اس کے علاوہ "یسوع کا روح"، "مسیح کا روح"، "یسوع مسیح کا روح"؛ اور "تمہارے باپ کا روح"، "اُس کے بیٹے کا روح" اور "اُس کا روح جس نے یسوع کو مردوں میں سے جلایا"۔ یہ تمام نام اس بات کی طرف اشارہ کر کے روح القدس کے الٰہی ہونے کا پتا دیتے ہیں کہ خدا روح القدس کے ساتھ اسی طرح متحد ہے جس طرح ایک انسان اپنی روح کے ساتھ متحد ہوتا ہے۔ پولس نے 1 کرنتھیوں 2:11 میں واضح طور پر یہ تعلق بیان کیا ہے، جہاں اُس نے یہ الفاظ لکھے:
کیونکہ اِنسانوں میں سے کَون کِسی اِنسان کی باتیں جانتا ہے سِوا اِنسان کی اپنی رُوح کے جو اُس میں ہے؟ اِسی طرح خُدا کے رُوح کے سِوا کوئی خُدا کی باتیں نہیں جانتا۔
(1 کرنتھیوں 2:11)
ہماری روحیں ہمیں انسان بنانے کے عمل کا حصہ ہیں ہے۔ اور اُن میں کوئی غیر انسانی بات نہیں ہے۔ وہ مکمل طور پر انسانی ہیں۔ اسی طرح، روح القدس مکمل طور پر الٰہی ہے۔ اور یہی وہ چیز ہے جو اُسے باپ کے ذہن کو جاننے کے قابل بناتی ہے۔ چنانچہ، مسیحیوں پر خدا کے ذہن کو ظاہر کرنے کے اپنے کام کے ذریعے، روح القدس خود کو خدا ثابت کرتا ہے۔
آخر میں، کچھ ایسے اقتباسات ہیں جو روح القدس کو بہت واضح طور پر "خدا" کے نام سے پکارتے ہیں۔ اعمال 5:534 میں حننیا سے کہے گئے پطرس کے الفاظ سنیں:
اَے حننیاؔہ! کیوں شَیطان نے تیرے دِل میں یہ بات ڈال دی کہ تُو رُوحُ القُدس سے جُھوٹ بولے اور زمِین کی قِیمت میں سے کُچھ رکھ چھوڑے۔۔۔تُو نے کیوں اپنے دِل میں اِس بات کا خیال باندھا؟ تُونے آدمِیوں سے نہیں بلکہ خُدا سے جُھوٹ بولا (اعمال 3:5-4)
اس اقتباس میں، پطرس نے پہلے کہا کہ حننیا نے روح القدس سے جھوٹ بولا تھا۔ اور پھر پطرس نے یہ کہہ کر اپنے مطلب کی وضاحت کی کہ حننیا نے خدا سے جھوٹ بولا تھا۔ یہاں پطرس رسول نے صاف طور پر روح القدس کو "خدا" پکارا ہے۔ چنانچہ، جب ہم اُن ناموں پر غور کرتے ہیں جن سے روح القدس کو کلامِ مقدس میں پکارا گیا ہے، تو ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ان میں سے بہت سے نام اُس کی الوہیت کو ظاہر کرتے ہیں جن کی حد ڈھکے چھپے اشاروں سے لے کر بالکل واضح اعلان تک پھیلی ہوئی ہے۔
دوسرا طریقہ جس سے بائبل روح القدس کی الوہیت کو ثابت کرتی ہے وہ اُس سے الٰہی صفات منسوب کرنے کا طریقہ ہے۔
مسیحی ماہرینِ الٰہیات روایتی طور پر خدا کی صفات کو دو الگ الگ اقسام میں بیان کرتے ہیں: "قابلِ انتقال صفات" اور "غیر منتقل صفات" ۔ ایک طرف اُس کی قابلِ انتقال صفات ہیں، جو کسی نہ کسی طریقے سے اُس کی مخلوقات میں "منتقل" کی جا سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، خدا "عقل و شعور" کی صفت رکھتا ہے، جسے وہ انسانوں کے ساتھ بانٹتا ہے۔ محدود مخلوق ہونے کے ناطے، انسان خدا کی سوچ کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکتے، لیکن ہم پھر بھی معقول طریقے سے سوچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یقیناً اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم الٰہی ہیں؛ یہ محض اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ ہمیں ایک ایسی صاحبِ عقل ہستی نے پیدا کیا ہے جس نے اپنی عقل کی صفت کا ایک حصہ ہمیں منتقل کیا۔ ہمیں ہماری عقل اُس سے ملی ہے؛ ہم اُس کی عقل کی صفت کی عکاسی کرتے ہیں کیونکہ ہم اُس کی مخلوق ہیں۔
خدا کی ایک اور قابلِ انتقال صفت اُس کی محبت ہے۔ کلامِ مقدس میں بہت سے حوالے یہ سکھاتے ہیں کہ دوسرے لوگوں اور یہاں تک کہ خدا کے لیے ہماری محبت، براہِ راست خدا کی محبت سے نکلتی ہے۔ ہم اسے گلتیوں 22:5، افسیوں 1:5، 2 تیمتھیس 7:1، اور 1 یوحنا 7:4-21 جیسی جگہوں پر دیکھتے ہیں۔
لیکن خدا غیر منتقل صفات کا بھی مالک ہے—ایسی صفات جو اپنی فطرت کے اعتبار سے اُس کی مخلوقات کے ساتھ نہیں بانٹی جا سکتیں۔ خدا کی سب سے جانی پہچانی غیر منتقل صفات میں اُس کا "علمِ کُل" شامل ہے، جو اُس کی لامحدود ذہانت، علم اور حکمت ہے؛ اُس کا "قادرِ مطلق" ہونا ، جو اُس کی لامحدود قدرت ہے؛ اُس کا "حاضر و ناظر" ہونا، جو ایک ہی وقت میں تمام جگہوں پر اُس کا موجود ہونا ہے؛ اور اُس کی "ابدیت" ، جو اُس کا لازوال اور کبھی نہ ختم ہونے والا وجود ہے۔ چونکہ خدا کی غیر منتقل صفات صرف اُس کی اپنی ہو سکتی ہیں، اس لیے ہم یہ دکھا کر روح القدس کو خدا ثابت کر سکتے ہیں کہ وہ ان میں سے ایک یا زیادہ صفات رکھتا ہے۔ اور جب ہم کلامِ مقدس کا جائزہ لیتے ہیں، تو ہم دیکھتے ہیں کہ درحقیقت وہ ان تمام صفات کا مالک ہے۔
پہلے روح القدس کے علمِ کُل پر غور کریں۔ کلامِ مقدس کہتا ہے کہ روح خدا کے ذہن کو مکمل طور پر جانتا ہے۔ ہم یہ تصور افسیوں 17:1 اور 1 کرنتھیوں 10:2-11 میں دیکھتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ خدا کا ذہن لامحدود ہے، اور اسے مکمل طور پر جاننے کے لیے ایک مساوی طور پر لامحدود ذہن کی ضرورت ہے۔ خدا کے علیم ذہن کو سمجھنے کی صلاحیت کی بنا پر، روح القدس خود علیم ثابت ہوتا ہے۔ اور چونکہ وہ علیم ہے، اس لیے وہ خدا بھی ہے۔
روح القدس اپنے قادرِ مطلق ہونے سے بھی خدا ثابت ہوتا ہے۔ اُس کی قدرت خدا کی لامحدود قدرت ہے۔ کلامِ مقدس کے بہت سے اقتباسات روح القدس کی قدرت کے بارے میں بات کرتے ہیں، جیسے 1 سموئیل 6:10، رومیوں 19:15، 1 کرنتھیوں 11:12، اور 1 تھسلنیکیوں 5:1۔ پیدائش 1:1-3 میں روح القدس کا خدا کی قدرت کے ساتھ تعلق دیکھیں:
خُدا نے اِبتدا میں زمِین و آسمان کو پَیدا کِیا۔ اور زمِین وِیران اور سُنسان تھی اور گہراؤ کے اُوپر اندھیرا تھا اور خُدا کی رُوح پانی کی سطح پر جُنبِش کرتی تھی۔ اور خُدا نے کہا کہ رَوشنی ہو جا اور رَوشنی ہو گئی۔ (پیدائش 1:1-3)
جیسا کہ ہم نے پہلے ذکر کیا ہے، عہد نامہِ قدیم میں خدا کے حوالے عام طور پر پوری تثلیث کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ لیکن زبان اور سیاق و سباق کے مطابق کسی ایک یا دوسری ہستی پر زور دینا بھی بجا ہے۔ اس صورت میں، زور روح القدس کی ہستی پر بطور "خدا کی روح" کے ہے۔ چنانچہ، روشنی پیدا کرنے کا کام روح القدس نے کیا۔ یہی بات ہر اُس چیز کے بارے میں سچ ہے جو خدا نے اس باب میں پیدا کی۔ لیکن اس کے لیے کہ روح القدس ایسی قادرِ مطلق ہو، اور اس کے لیے کہ اُس نے عدم سے وجود تخلیق کیا ہو، اُس کا مکمل طور پر الٰہی ہونا ضروری ہے۔
ایک اور غیر منتقل صفت جو روح القدس رکھتا ہے وہ حاضر و ناظر ہونا ہے۔ زبور 7:139-10 جیسے اقتباسات ہمیں سکھاتے ہیں کہ روح کائنات کے ہر حصے میں موجود ہے، آسمان کی بلندیوں سے لے کر سمندر کی گہرائیوں تک۔
اور روح القدس ابدیت کی صفت بھی رکھتا ہے۔ عبرانیوں 9 : 14 القدس کو "ازلی روح" کہتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ ہمیشہ سے موجود ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ان غیر منتقل صفات اور ان جیسی دیگر صفات کے ذریعے، بائبل واضح طور پر بتاتی ہے کہ روح القدس خدا ہے۔
کلامِ مقدس میں روح القدس کی الوہیت کا تیسرا ثبوت اُس کے کام کی نوعیت ہے۔ ہم اس سبق میں آگے چل کر روح القدس کے کام کی بہت زیادہ گہرائی میں تحقیق کریں گے۔ اس مقام پر، ہم صرف اُس کے چند کاموں پر ایک سرسری نظر ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ وہ اُس کی الوہیت کو کیسے ثابت کرتے ہیں۔
کلامِ مقدس میں اس کے ثبوت کا ایک حصہ اُس کے کاموں کو دیکھنا ہے... خدا کی روح وہ ہے جو مسیح کی گواہی دیتی ہے، ہمیں مسیح سے جوڑتی ہے، نئی زندگی لاتی ہے، مردوں کو جِلاتی ہے، اور تخلیق میں شامل ہے۔ یہ تمام کام خدا کے کاموں سے کم نہیں ہیں۔ یہ انسانوں سے منسوب نہیں کیے گئے؛ یہ فرشتوں یا کسی دوسری مخلوق سے منسوب نہیں کیے گئے۔ یہ وہی ہیں جو صرف خدا خود کرتا ہے۔ اور اس بنیاد پر، ہم دیکھتے ہیں کہ روح القدس خدا ہی کے کام کرتا ہے، اور یوں وہ نہ صرف ایک شخصیت ہے بلکہ الوہیت بھی ہے۔
— ڈاکٹر سٹیفن جے ویلم
روح القدس بہت سے ایسے کام انجام دیتا ہے جن کے بارے میں بائبل بتاتی ہے کہ وہ صرف خدا ہی کے لیے ہیں، اور جو الٰہی قدرت اور صفات کو ظاہر کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، جب وہ ہماری روحوں کو "ازسرِ نو پیدا" کرتا ہے تو وہ نئی زندگی پیدا کرتا ہے ۔ اس بارے میں ہم رومیوں 11:8 میں پڑھتے ہیں۔ وہ باپ تک ہماری رسائی کا ذریعہ ہے، جیسا کہ ہمیں افسیوں 18:2 میں سکھایا گیا ہے۔ وہ ہم پر نجات کا اطلاق کرتا ہے، جیسا کہ ہم رومیوں 5-8 میں سیکھتے ہیں۔ جیسا کہ ہم رومیوں 15:4، 19 جیسے اقتباسات میں دیکھتے ہیں انبیاء کے معجزات، اور یہاں تک کہ ہمارے خداوند یسوع کے معجزات کے پیچھے وہی قدرت تھی ۔ اگرچہ روح القدس کے الٰہی کاموں کی فہرست ختم نہ ہونے والی ہے، آئیے وضاحت کی خاطر صرف چند نمایاں مثالوں پر توجہ مرکوز کریں۔
پہلی بات یہ کہ، روح القدس نے کلامِ مقدس کی تحریر میں الہام دیا، جو کہ خود خدا کا کلام ہے۔ اور یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ روح القدس کا کلام خدا کا کلام ہے، ہم اقرار کرتے ہیں کہ روح القدس خود خدا ہے۔ ہمیں یہ تصور متی 20:10، یوحنا 34:3، اعمال 16:1 اور 31:4، اور افسیوں 17:6 میں نظر آتا ہے۔ اس کی صرف ایک مثال کے طور پر، 2 پطرس 20:1-21 میں پطرس کے الفاظ پڑھیں:
پہلے یہ جان لو کہ کِتابِ مُقدّس کی کِسی نبُوّت کی بات کی تاوِیل کِسی کے ذاتی اِختیار پر مَوقُوف نہیں۔ کیونکہ نبُوّت کی کوئی بات آدمی کی خواہِش سے کبھی نہیں ہُوئی بلکہ آدمی رُوحُ القُدس کی تحرِیک کے سبب سے خُدا کی طرف سے بولتے تھے۔ (2 پطرس 20:1-21)
اس اقتباس میں، پطرس نے سکھایا کہ روح القدس کی تحریک کے مطابق بولنا دراصل خدا کی طرف سے بولنا ہے۔ کلامِ مقدس خدا کا کلام ہے کیونکہ یہ خدا کی طرف سے الہام شدہ اور بولا گیا ہے، خاص طور پر روح القدس کی طرف سے، جو خدا کی تیسری ہستی ہے۔
ایک اور مثال کے طور پر، روح القدس کا بطور مددگار/مشیر کام ظاہر کرتا ہے کہ وہ الٰہی ہے۔ یوحنا 14-16 میں، یسوع نے روح القدس کا حوالہ اس مددگار کے طور پر دیا جو سچائی ظاہر کرتا ہے، دنیا کو گناہ کے بارے میں قصوروار ٹھہراتا ہے، اور یسوع کی گواہی دیتا ہے۔ اور اگرچہ یہ شروع میں عجیب لگ سکتا ہے، لیکن یہ خدمت روح القدس کو خود یسوع کی زمینی موجودگی سے بھی زیادہ قیمتی بناتی ہے۔ جیسا کہ یسوع نے یوحنا 7:16 میں فرمایا:
لیکن مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ میرا جانا تُمہارے لِئے فائِدہ مند ہے کیونکہ اگر مَیں نہ جاؤں تو وہ مددگار تُمہارے پاس نہ آئے گا لیکن اگر جاؤں گا تو اُسے تُمہارے پاس بھیج دُوں گا۔ (یوحنا 7:16)
ایک لمحے کے لیے اس پر غور کریں۔ خود یسوع کے مطابق، کلیسیا کے لیے روح القدس کی موجودگی، یسوع کی فوری جسمانی موجودگی سے زیادہ بہتر ہے۔ لیکن ایک مخلوق اور محدود ہستی کبھی بھی مسیح کی زمینی موجودگی کی برکت سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی۔ نہیں، اگر ایسا ہو کہ روح القدس ہمارے لیے خدا بیٹے سے زیادہ فائدہ مند ہو تو اس لئے روح کا خود خدا ہونا ضروری ہے۔
چوتھا طریقہ جس سے کلامِ مقدس روح القدس کی الوہیت کا دعویٰ کرتا ہے، وہ تثلیثی فارمولوں کے ذریعے ہے جن میں اُس کا نام باپ اور بیٹے کے ناموں کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔
تثلیثی فارمولا کلامِ مقدس کا وہ حوالہ ہوتا ہے جو واضح طور پر تثلیث کے تینوں اشخاص کا ذکر نسبتاً مساوی بنیادوں پر کرتا ہے، اور یہ عام طور پر ان کے باہمی تعاون کو ظاہر کر کے کیا جاتا ہے ۔ باپ، بیٹے اور روح القدس کا تذکرہ برابر کے شراکت داروں کے طور پر کر کے، بائبل اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ روح القدس اتنا ہی الٰہی ہے جتنا کہ باپ اور بیٹا ہیں ۔ ہم یہ فارمولے رومیوں 30:15، 1 کرنتھیوں 4:12-6، 2 تھسلنیکیوں 13:2-14، اور کئی دوسری جگہوں پر پاتے ہیں۔ آئیے ان فارمولوں کی صرف دو مثالیں دیکھتے ہیں۔ پہلی مثال متی 28 :19 میں مل سکتی ہے، جہاں یسوع نے یہ حکم دیا:
پس تُم جا کر سب قَوموں کو شاگِرد بناؤ اور اُن کو باپ اور بیٹے اور رُوحُ القُدس کے نام سے بپتِسمہ دو۔ (متی 19:28)
اس فارمولے میں، یسوع نے اشارہ کیا کہ بپتسمہ تثلیث کے تینوں اشخاص کے نام یا اختیار سے دیا جانا چاہیے۔ یہ حکم خدا کی ہستیوں کے باہمی اعزاز میں کوئی فرق نہیں کرتا۔ اس کے بجائے، یہ تینوں کو برابر کے طور پر پیش کرتا ہے۔
دوسری واضح مثال 2 کرنتھیوں 14:13 میں نظر آتی ہے، جہاں پولس نے یہ الفاظ لکھے:
خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کا فضل اور خُدا کی مُحبّت اور رُوحُ القُدس کی شِراکت تُم سب کے ساتھ ہوتی رہے۔ (2 کرنتھیوں 14:13)
اپنے خط کی اس اختتامی دعا میں، پولس نے ان سب کو یکجا کیا: بیٹا، یعنی خداوند یسوع مسیح؛ باپ، جسے اُس نے محض خدا کہہ کر مخاطب کیا؛ اور روح القدس۔ ایسا کرتے ہوئے، اُس نے تینوں ہستیوں کو برابر کے شراکت داروں کے طور پر پیش کیا۔ اس طرح کے فارمولے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ روح القدس الوہیت میں ایک برابر کی ہستی ہے۔ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ باپ، بیٹا اور روح القدس اُن معاملات میں ایک دوسرے کے برابر ہیں جن میں ضروری الٰہی صفات اور سرگرمیاں شامل ہیں، جیسے گناہگاروں کو فضل اور نجات فراہم کرنا، اور خدا کے طور پر عزت اور عبادت قبول کرنا۔
تثلیث کا مسیحی عقیدہ سکھاتا ہے کہ ایک خدا ابدی طور پر وجود کے اتحاد میں تین ہستیوں کے طور پر موجود ہے۔ چونکہ روح القدس خدا ہے، اس لیے یہ بالکل مناسب اور موزوں ہے کہ ہم نہ صرف اُس سے دعا کریں بلکہ خدا کے طور پر اُس کی تعظیم بھی کریں۔
— ڈاکٹر کیتھ جانسن
اب جبکہ ہم نے روح القدس کی الوہیت پر غور کر لیا ہے، ہم اپنے دوسرے موضوع کی طرف مڑنے کے لیے تیار ہیں: یعنی اُس کی شخصیت ۔ اس حصے میں، ہم اس حقیقت کو دیکھیں گے کہ ہمیں روح القدس کے ساتھ محض ایک الٰہی قوت یا طاقت کے طور پر نہیں ایک حقیقی شخصیت کے طور پر معاملہ کرنا ہے ۔
کلیسیا کی پوری تاریخ میں، بہت سے گروہوں نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ روح القدس ایک ایسی شخصیت ہے جو ایک الگ خود آگاہی اور الٰہی شخصی صفات رکھتی ہے۔ کچھ کا خیال رہا ہے کہ وہ محض باپ ہی کی ایک دوسری شکل ہے۔ دوسروں نے یہ دلیل دی ہے کہ "روح القدس" کا نام صرف ایک ایسا نام ہے جسے قدیم مصنفین نے خدا کی قدرت کو بیان کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔ لیکن رسولوں کے عقیدے کی ساخت سے ہم دیکھ سکتے ہیں کہ یہ اُس بائبل کے موقف کی تصدیق کرتا ہے کہ روح القدس الوہیت کے اندر ایک حقیقی اور الگ شخصیت ہے۔ یہ کلامِ مقدس کی واضح تعلیم ہے، اور یہ تمام ادوار میں مسیحی کلیسیا کی ہر شاخ کا موقف رہا ہے۔
چنانچہ، عہد نامہِ جدید میں روح القدس کو محض ایک غیر شخصی قوت کے طور پر نہیں بلکہ شخصی اصطلاحات میں بیان کیا گیا ہے ۔ اور باقی کلیسیا نے اکٹھے ہو کر اُس گواہی کے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا بھی یہی ایمان ہے۔ یہ سچ ہے کہ بعد کے عقائد میں اس کی وضاحت کے حوالے سے، اس پر حقیقی بحث شروع ہونے میں تین یا چار سو سال لگے۔ لیکن جب چوتھی صدی میں باسل آف کیسریا (Basil of Caesarea) اس پر بحث کرتا ہے، تو وہ کوئی نیا عقیدہ بیان نہیں کر رہا ہوتا، وہ صرف وہی کچھ سامنے لا رہا ہوتا ہے جس پر لوگ پہلے ہی تین سو سال سے یقین رکھتے آ رہے تھے۔
— ڈاکٹر پیٹر واکر
شروع ہی میں ہمیں یہ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ رسولوں کا عقیدہ ان معاملات کو واضح طور پر بیان نہیں کرتا۔ لیکن جب ہم مسیحیت کی پہلی چند صدیوں میں روح القدس کے بارے میں اہم الٰہیاتی مباحثوں پر غور کرتے ہیں، تو ہم دیکھ سکتے ہیں کہ عقیدہ کی جانب سے روح القدس کو تثلیث کے ایک رکن کے طور پر تسلیم کرنا دراصل اُس کی شخصیت کی ایک ضمنی تصدیق بھی ہے۔ باقی بائبل پر مبنی مسیحیت کی طرح، رسولوں کا عقیدہ خدا کے روح کو محض ایک قوت یا الٰہی طاقت میں بدل کر اُس کی "شخصیت کو ختم کرنے" کو مسترد کرتا ہے۔
جب ہم روح القدس کی شخصیت کی تصدیق کی بائبل پر مبنی بنیاد پر غور کریں گے ، تو ہماری بحث تین حصوں میں تقسیم ہوگی۔ پہلے، ہم اُن شخصی صفات کو دیکھیں گے جو روح القدس رکھتا ہے۔ دوسرے، ہم باپ اور بیٹے سے اُس کے شخصی فرق پر توجہ مرکوز کریں گے۔ اور تیسرے، ہم تثلیث کے دیگر اراکین کے ساتھ اُس کے شخصی تعلق کو بیان کریں گے۔ ہم اُن صفات سے آغاز کریں گے جو ثابت کرتی ہیں کہ روح القدس ایک مکمل شخصیت ہے۔
جب ہم روح القدس کی شخصی صفات کی بات کرتے ہیں، تو ہمارے ذہن میں وہ خوبیاں ہوتی ہیں جو صرف شخصیات کے لیے مخصوص ہیں—ایسی چیزیں جو اُس کے بارے میں صرف اسی صورت میں سچ ہو سکتی ہیں جب وہ ایک حقیقی شخصیت ہو نہ کہ محض ایک غیر شخصی قوت ہو۔
مجھے یہ بات بہت نتیجہ خیز لگتی ہے کہ عہد نامہِ جدید میں نہ صرف خدا باپ کے ناموں، خطابات، کاموں، صفات اور افعال کے بارے میں بات کی گئی ہے، بلکہ یہی سب کچھ بیٹے اور روح القدس کے بارے میں بھی کہا گیا ہے۔ دوسرے لفظوں میں، بائبل میں وہ تمام شخصی خصوصیات جو خدا باپ سے منسوب ہیں، عہد نامہِ جدید میں خدا روح القدس سے بھی منسوب کی گئی ہیں۔ اور اس بات سے اس حقیقت کو ایک بار پھر تقویت ملتی ہے کہ روح القدس ایک شخصیت ہے، نہ کہ محض کوئی قوت یا طاقت ہے۔
— ڈاکٹر جے لِگن ڈنکنI II
روح القدس کے پاس اتنی زیادہ شخصی صفات ہیں کہ ہم اس ایک سبق میں ان سب کی فہرست نہیں بنا سکتے، لہٰذا ہم اس کی شخصیت ثابت کرنے کے لیے صرف چار مثالیں پیش کریں گے۔ ہم اس بات سے آغاز کریں گے کہ روح القدس ایک ارادہ یا مرضی رکھتا ہے۔ یہ وہ قوت ہے جسے وہ منصوبہ بندی کرنے، خواہش کرنے اور انتخاب کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ ظاہر ہے، کوئی بھی ہستی جو یہ کام کر سکے وہ محض ایک قوت یا طاقت نہیں ہو سکتی۔ اس کے ارادے کی ایک مثال کے طور پر 1 کرنتھیوں 11:12 پر غور کریں، جہاں پولس نے روحانی نعمتوں کی تقسیم کے بارے میں بات کی ہے۔ ملاحظہ کیجیے کہ اس نے کیا لکھا:
لیکن یہ سب تاثِیریں وُہی ایک رُوح کرتا ہے اور جِس کو جو چاہتا ہے بانٹتا ہے۔ (1 کرنتھیوں 11:12)
روح القدس چاہتا ہے کہ کچھ لوگوں کے پاس خاص نعمتیں ہوں، اور دوسروں کے پاس دوسری نعمتیں ہوں ۔ غیر شخصی قوتیں منصوبے اور خواہشات نہیں رکھتیں۔ صرف شخصیات ایسا کر سکتی ہیں۔ لہٰذا، روح القدس ایک شخصیت ہے۔
روح القدس ذہانت یا عقل کی صفت بھی رکھتا ہے، جس کے ذریعے وہ علم رکھتا ہے اور دوسروں کو سکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وہ اس ذہانت کا اظہار کئی طریقوں سے کرتا ہے، جیسے کہ خدا کے ذہن کی تحقیق کرنا اور اسے جاننا، جیسا کہ ہم 1 کرنتھیوں 10:2-12 میں پڑھتے ہیں، اور اپنا ایک ذہن رکھنا جیسا کہ ہم رومیوں 27:8 میں پڑھتے ہیں۔ وہ حکمت اور علم بھی عطا کرتا ہے، جیسا کہ 1 کرنتھیوں 8:12 میں ہے۔ اور وہ لوقا 12:12 میں تعلیم دیتا ہے۔ خود یسوع نے یوحنا 26:14 میں روح کی ذہانت کے بارے میں بات کی تھی۔ سنیں کہ اس نے وہاں رسولوں سے کیا کہا:
لیکن مددگار یعنی رُوحُ القُدس جِسے باپ میرے نام سے بھیجے گا وُہی تُمہیں سب باتیں سِکھائے گا اور جو کُچھ مَیں نے تُم سے کہا ہے وہ سب تُمہیں یاد دِلائے گا۔ (یوحنا 26:14)
غیر شخصی قوتیں سوچتی، جانتی اور سکھاتی نہیں ہیں۔ پس، ذہانت کی صفت ثابت کرتی ہے کہ روح ایک شخصیت ہے۔
روح القدس جذبات ، اندرونی احساسات اور محبت بھی رکھتا ہے جن کا اظہار وہ دیگر اشخاص اور واقعات کے ردعمل میں کرتا ہے۔ اپنی دیگر شخصی صفات کی طرح، اس کے جذبات ثابت کرتے ہیں کہ وہ ایک شخصیت ہے، نہ کہ محض ایک طاقت۔ مثال کے طور پر، رومیوں 30:15 میں روح القدس کی محبت کا ذکر ہے۔ 1 تھسلنیکیوں 6:1 میں اس کی خوشی کا تذکرہ ہے۔ اور سنیں کہ افسیوں 30:4 میں اس کے رنج یا غم کے بارے میں کس طرح بات کی گئی ہے:
اور خُدا کے پاک رُوح کو رنجِیدہ نہ کرو جِس سے تُم پر مخلصی کے دِن کے لِئے مُہر ہُوئی۔ (افسیوں 30:4)
یہ حقیقت، کہ روح القدس غم جیسے جذبات رکھتا ہے، اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ ایک حقیقی شخصیت ہے۔
مزیدیہ کہ روح وہ صفت رکھتا ہے جسے ہم اختیارِ عمل کہہ سکتے ہیں۔ اس کا ایک ارادہ ہے، چیزوں کا قصد کرنے اور اپنی مرضی سے عمل کرنے کی صلاحیت ہے۔ اور یہ اسے بہت سے ایسے کام انجام دینے کے قابل بناتا ہے جو صرف شخصیات ہی کر سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، روح القدس یوحنا 26:15 اور رومیوں 16:8 میں گواہی دیتا ہے۔ وہ فلپیوں 1:2 میں ہمارے ساتھ رفاقت کرتا ہے۔ اور وہ اعمال 29:8 اور 2:13 میں بولتا اور حکم دیتا ہےصرف ایک مثال کے طور پر، رومیوں 26:8-27 کے الفاظ پڑھیں:
مگر رُوح خُود اَیسی آہیں بھر بھر کر ہماری شِفاعت کرتا ہے جِن کا بیان نہیں ہو سکتا۔ اور دِلوں کا پرکھنے والا جانتا ہے کہ رُوح کی کیا نِیّت ہے کیونکہ وہ خُدا کی مرضی کے مُوافِق مُقدّسوں کی شِفاعت کرتا ہے۔ (رومیوں 26:8-27)
یہ حقیقت کہ روح القدس ایمانداروں کے لیے دعا کرتا ہے، اس کی شخصیت کا ایک اور ثبوت ہے۔ غیر شخصی طاقتیں اور قوتیں خلوصِ دل سے آہیں بھرتے ہوئے دعا اور شفاعت نہیں کرتیں۔ صرف شخصیات ہی یہ کام کر سکتی ہیں۔ چارلس سپرجن، وہ عظیم بپتسمہ دینے والے مناد جو 1834 سے 1892 تک زندہ رہے، نے رومیوں 26:8-27 پر مبنی اپنے وعظ "روح القدس کی شفاعت" میں اس طرح بات کی :
روح القدس ہمارے بدن اور ہمارے ذہن کی کمزوری کو برداشت کرنے میں ہماری مدد کرتا ہے؛ وہ ہماری صلیب اٹھانے میں ہماری مدد کرتا ہے، چاہے وہ جسمانی درد ہو، یا ذہنی افسردگی، یا روحانی کشمکش، یا بہتان، یا غربت، یا اذیت۔ وہ ہماری کمزوری میں مدد کرتا ہے؛ اور اس قدر الٰہی طور پر مضبوط مددگار کے ساتھ ہمیں نتیجے کے بارے میں ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ خدا کا فضل ہمارے لیے کافی ہوگا؛ اس کی قدرت کمزوری میں کامل ہوگی۔
یہ جاننا حوصلہ افزا ہے کہ میرے اندر کچھ کام کر رہا ہے۔ کوئی میرے اندر کام کر رہا ہے، جو مجھ سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔ اور اگرچہ میں کبھی کبھی خود کو بے بس، غلام، یا ایسا ہی کچھ محسوس کر تا ہوں، لیکن یہ صرف احساسات کی بات ہے؛ یہ حقیقت نہیں ہے۔ خدا کا قادرِ مطلق روح القدس انتھک محنت کر رہا ہے تاکہ مجھے مسیح کی صورت پر ڈھال سکے—یہ بہت بڑی حوصلہ افزا بات ہے! یہ سنجیدہ بات بھی ہے کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ میں ہمیشہ زندہ خدا کی موجودگی میں ہوں، ہمیشہ خدا کے حضور زندگی گزار رہا ہوں۔ اگرچہ میں اپنی لغزشوں کو دوسرے لوگوں سے چھپا سکتا ہوں، لیکن پوشیدہ گناہ نامی کوئی چیز نہیں ہے کیونکہ میں خدا ہی کی موجودگی میں رہتا ہوں۔ اور روح القدس ایک پاک روح ہے؛ خدا کا روح پاک ہے... یقیناً، ایک پاسٹر کے طور پر، میں گناہ کے ساتھ جدوجہد کرنے والے لوگوں کی مشاورت کرتے وقت یہ توازن برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔ ناامید نہ ہوں۔ روح القدس آپ کے دل اور آپ کی زندگی میں کام کر رہا ہے ۔ مسیح پر بھروسہ اور سکون رکھیں کہ وہ آپ کو گناہ کے ساتھ آپ کی جدوجہد میں فتح عطا کرے۔ اور لاپرواہ نہ ہوں کیونکہ وہی روح القدس ہمیشہ آپ کے اندر اور آپ کے ساتھ موجود اور سرگرمِ عمل ہے۔
— ڈاکٹر ڈینس ای جانسن
اب جبکہ ہم دیکھ چکے ہیں کہ روح القدس کی شخصی صفات کس طرح اس کی شخصیت کا ثبوت فراہم کرتی ہیں، ہم تثلیث کے اندر ایک الگ شخصیت کے طور پر باپ اور بیٹے سے اس کے فرق پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ہمیں اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے آغاز کرنا چاہیے کہ بائبل میں کئی ایسے اقتباسات موجود ہیں جہاں روح اور تثلیث کے دیگر اشخاص کے درمیان فرق مکمل طور پر واضح نہیں ہے۔ مثال کے طور پر، گلتیوں 6:4 میں روح القدس کی شناخت "خدا کے بیٹے کے روح" کے طور پر کی گئی ہے، اور متی 20 :10 میں اسے "باپ کا روح" کہا گیا ہے۔ اور اُس کے کئی دوسرے نام بھی ہیں جو تثلیث کے ارکان کے مابین کے انفرادی فرق کو ظاہر کرنے کی بجائے باہمی تعلق کو نمایاں کرتے ہیں ۔
اگرچہ اس قسم کے اقتباسات ابتدائی کلیسیا میں بہت زیادہ بحث کا سبب بنے، لیکن ہمیں اس قریبی تعلق پر حیران نہیں ہونا چاہئے۔ تثلیث کے تینوں اشخاص ایک ہی خدا ہیں۔ لہٰذا، روح القدس کو باپ اور بیٹے کا روح سمجھنا، اور ساتھ ہی اس بات پر زور دینا کہ وہ اُن سے بالکل الگ اور شخصیت ہے، مکمل طور پر منطقی ہے۔
روح اور تثلیث کی دیگر ہستیوں کے درمیان فرق کو نمایاں کرنے کا ایک طریقہ کلامِ مقدس کے اُن اقتباسات کو دیکھنا ہے جو انہیں ایک دوسرے کے ساتھ ایسے طریقوں سے بات چیت کرتے ہوئے دکھاتے ہیں جو ان کےفرق پر زور دیتے ہیں۔ بہت سے اقتباسات یہ فرق ظاہر کرتے ہیں، لیکن دو اقتباسات یہ دکھانے کے لیے کافی ہوں گے کہ روح بیٹے سے اور باپ سے الگ ہے۔ پہلے یوحنا 7:16 میں یسوع کے الفاظ پر غور کریں:
لیکن مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ میرا جانا تُمہارے لِئے فائِدہ مند ہے کیونکہ اگر مَیں نہ جاؤں تو وہ مددگار تُمہارے پاس نہ آئے گا لیکن اگر جاؤں گا تو اُسے تُمہارے پاس بھیج دُوں گا۔ (یوحنا 7:16)
اس موقع پر یسوع نے کہا کہ روح القدس تب تک نہیں آئے گا جب تک بیٹا پہلے چلا نہ جائے۔ واضح طور پر، اُس نے یہ کہہ کر خود کو روح سے الگ ظاہر کیا کہ ایک کے جانے کے بعد ہی دوسرا آئے گا۔ ہر ایک کا ایک مقررہ کردار تھا، اور روح کا کردار تب تک شروع نہیں ہونا تھا جب تک کہ بیٹا اپنا زمینی کام مکمل کر کے آسمان پر چڑھ نہ جاتا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ روح بیٹے سے الگ ہے۔
اسی طرح، روح ایسے کام بھی کرتا ہے جو اُسے باپ سے الگ کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ہمارے مددگار کے طور پر اپنے کردار کے ایک حصے کے طور پر، روح القدس ہمارا وکیل ہے، جو خدا کے حضور ہمارا مقدمہ پیش کر کے ہماری دعاؤں میں مدد کرتا ہے۔
عام طور پر، روح کا کام مسیح کے کام کا اطلاق کرنا ہے۔ مسیح نے اپنی جان دی ہے جو ہمارے لیے ایک قربانی تھی ۔ یہ روح کا کام ہے کہ وہ اُس کام کو لے اور اسے ہمارے دلوں پر لاگو کرے، اور اسی لیے ہمیں دونوں کی ضرورت ہے۔ میرا مطلب ہے کہ اگر ہمارے پاس اسے اپنے دلوں پر لاگو کرنے کے لیے روح نہ ہوتا تو ہم بہت اچھی حالت میں نہ ہوتے کیونکہ خدا کا ارادہ ہے کہ مسیح کا کام ہمیں اندر سے بدل دے۔ اور اس طرح، روح آتا ہے اور روح ازسرِ نو پیدا کرتا ہے۔ وہ ہمیں نئی پیدائش دیتا ہے۔ روح ہمیں مقدس بناتا ہے۔ یہ تقدیس کا کام ہے۔ اور روح ہمیں ہماری زندگیوں میں مسلسل نعمتیں، برکتیں اور پھل دے رہا ہے، اور بہت کچھ۔ لہٰذا روح کا کام کافی ناگزیر ہے۔
— ڈاکٹر جان ایم فریم
مثال کے طور پر، رومیوں 26:8-27 میں پولس نے یہ الفاظ لکھے:
جِس طَور سے ہم کو دُعا کرنا چاہِئے ہم نہیں جانتے مگر رُوح خُود اَیسی آہیں بھر بھر کر ہماری شِفاعت کرتا ہے جِن کا بیان نہیں ہو سکتا۔ اور دِلوں کا پرکھنے والا جانتا ہے کہ رُوح کی کیا نِیّت ہے کیونکہ وہ خُدا کی مرضی کے مُوافِق مُقدّسوں کی شِفاعت کرتا ہے۔ (رومیوں 26:8-27)
جب پولس نے سکھایا کہ روح القدس باپ کے پاس ہماری طرف سے شفاعت کرتا ہے، تو اُس نے ثابت کیا کہ وہ الگ ہستیاں ہیں—ایک شفاعت کرنے والا، اور دوسرا شفاعت سننے والا۔
وہ باپ کے پاس شفاعت کرتا ہے۔ جب ہم نہیں جانتے کہ کیا دعا کرنی ہے تو وہ ہمارے دلوں میں بولتا ہے اور، جیسا کہ پولس کہتا ہے ،وہ ہمارے اندر آہیں بھرتا ہے ، تاکہ ہم خدا سے وہ باتیں کہیں جو ہمیں کہنی بھی نہیں آتی تھیں۔
— ڈاکٹر جان ایم فریم
ہم کہہ سکتے ہیں کہ دعا کا اصولی طریقہ یہ ہے کہ بیٹے کے نام سے اور روح القدس کی قدرت میں باپ سے دعا کی جائے ۔ اور پھر بھی ہم ایک ایسے فضل اور آزادی کے مذہب کے پیروکار ہیں کہ خدا کی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر یا اپنی دعاؤں کے راستے کو مسترد کیے بغیر روح القدس کو براہِ راست بھی مخاطب کیا جا سکتا ہے، ۔
— ڈاکٹر گلین جی اسکورجی
روح القدس سے مانگی گئی یہ دعا، جو اکثر کلیسیائی بزرگ آگسٹین( 354 - 430 عیسوی ) سے منسوب کی جاتی ہے، ہماری اپنی دعاؤں کے لیے ایک بہترین نمونہ فراہم کرتی ہے:
اے روح القدس، مجھ میں سانس لے،
تاکہ میرے تمام خیالات پاک ہوں؛
اے روح القدس، مجھ میں کام کر،
تاکہ میرا کام بھی پاک ہو؛
اے روح القدس، میرے دل کو اپنی طرف کھینچ،
تاکہ میں صرف اُسی سے محبت کروں جو پاک ہے؛
اے روح القدس، مجھے مضبوط کر،
تاکہ میں ہر اُس چیز کا دفاع کروں جو پاک ہے؛
اے روح القدس، پھر میری حفاظت کر، تاکہ میں ہمیشہ پاک رہوں۔
روح القدس کی شخصیت کے بارے میں اُس کی شخصی صفات اور باپ اور بیٹے سے اُس کے فرق کے حوالے سے بات کرنے کے بعد، آئیے اب تثلیث کے دیگر اشخاص کے ساتھ اُس کے تعلق پر نظر ڈالتے ہیں۔
جیسا کہ ہم نے ان اسباق کے دوران ذکر کیا ہے، تثلیث کے اشخاص کے درمیان تعلقات کو روایتی طور پر دو مختلف زاویوں سے بیان کیا گیا ہے۔ خاص طور پر، ماہرینِ الٰہیات نے "جو ہری تثلیث" اور "انتظامی تثلیث" کے بارے میں بات کی ہے۔ یہ دونوں ایک ہی تثلیث—باپ، بیٹے اور روح القدس—کے بارے میں دو نکتہ ِ نظر ہیں۔ لیکن یہ ان تینوں الٰہی اشخاص کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر زور دیتے ہیں۔
جب ہم جوہری تثلیث کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو ہم خدا کی ذات اور وجود پر توجہ مرکوز کر رہے ہوتے ہیں۔ اس نکتہ ِ نظر سے، روح القدس قدرت اور جلال میں باپ اور بیٹے کے برابر ہے۔ خدا کی تینوں ہستیاں لامحدود، ابدی اور لا تبدیل ہیں۔ اور ہر ایک کے پاس وہی ضروری الٰہی صفات ہیں، جیسے حکمت، قدرت، تقدس، عدل، نیکی اور سچائی۔
اور جب ہم انتظامی تثلیث کی بات کرتے ہیں، تو ہم اس بات پر غور کرتے ہیں کہ خدا کے اشخاص ایک دوسرے کے ساتھ کیسے میل جول رکھتے ہیں۔ اس نکتہ ِ نظر سے، الوہیت کی ہر ہستی کی مختلف ذمہ داریاں، مختلف اختیار اور ایک الگ تفویض کردہ کردار ہے۔ روح کا اختیار باپ اور بیٹے کے اعلیٰ اختیار کے تابع ہے۔ اور روح کا کردار بنیادی طور پر اُن کی ہدایات پر عمل درآمد کرنا اور اُنہیں جلال دینا ہے۔
جہاں کہیں خدا ہے، اُس کا روح وہاں موجود ہے۔ اُس کا روح نہ صرف اُس کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتا ہے، بلکہ اُس کے عمل کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے۔ اور اس طرح، جیسے جیسے آپ خدا کا اپنی مخلوق کے ساتھ تعلق دیکھتے ہیں، روح القدس کے بغیر اسے بیان کرنا ناممکن ہے۔ روح القدس اس وقت بھی انسانی تاریخ کی رہنمائی کر رہا ہے۔ روح القدس ہی درحقیقت خدا کی پروردگاری، دیکھ بھال اور محبت کا کارندہ ہے۔
— ڈاکٹر آر البرٹ موہلر جونیئر
مسیحی الٰہیات میں، جوہری اور انتظامی دونوں طرح کی تثلیث میں، روح القدس کو "تیسری ہستی " کہا جاتا ہے۔ وہ جوہری تثلیث کی تیسری ہستی ہے کیونکہ وہ باپ (پہلی ہستی) اور بیٹے (دوسری ہستی ) کی طرف سے صادر ہوتا ہے۔
یہاں ہمیں ٹھہر کر اس بات کا ذکر کرنا چاہیے کہ مشرقی آرتھوڈوکس کلیسیا یہ تعلیم دیتی ہے کہ روح القدس صرف باپ سے صادر ہوتا ہے، بیٹے سے نہیں۔ تعلیم کا یہ فرق مشرقی اور مغربی کلیسیاؤں کے درمیان اُس پھوٹ کی وجوہات میں سے ایک تھا جو 1054 عیسوی میں شروع ہوئی اور آج تک جاری ہے۔ یقیناً، چونکہ رسولوں کا عقیدہ اس تنازعہ سے پہلے تخلیق کیا گیا تھا، اس لیے مشرق اور مغرب کے اس اختلاف نے اُس کو متاثر نہیں کیا۔ اور کلیسیا کی دونوں شاخیں رسولوں کے عقیدےکے تمام بیانات کی تصدیق کرتی ہیں۔
جہاں تک انتظامی تثلیث کا تعلق ہے، روح القدس کو تیسر ی ہستی اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ وہ تیسرا درجہ رکھتا ہے، اور باپ اور بیٹے دونوں کے ماتحت ہے۔ کلامِ مقدس کئی طریقوں سے اُس کی ماتحتی کی نشاندہی کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، وہ باپ اور بیٹے کی طرف سے بھیجا یا دیا جاتا ہے۔ کلامِ مقدس یہ حقیقت لوقا 13:11، یوحنا 26:14 اور 26:15، اور اعمال 33:2 جیسے اقتباسات میں سکھاتا ہے۔ اور جب وہ آتا ہے، تو روح، باپ اور بیٹے کی فرمانبرداری کرتے ہوئے وہ کام کرتا ہے جس کے لیے انہوں نے اسے بھیجا ہوتا ہے۔ ہم اس بارے میں یوحنا 13:16، رومیوں 11:8، اور 1 پطرس 2:1 جیسے حوالوں سے سیکھتے ہیں۔
یقیناً، جب ہم یہ کہتے ہیں کہ روح القدس انتظامی تثلیث کے نکتہ ِ نظر سے سب سے نچلا درجہ رکھتا ہے، تو اس بات پر زور دینا اہم ہے کہ وہ پھر بھی مکمل طور پر خدا ہے، اور تخلیق کے ہر پہلو پر مطلق خود مختار اختیار رکھتا ہے۔ مزید یہ کہ تثلیث کے اندر ایک باہمی لحاظ کا احساس پایا جاتا ہے، کیونکہ جو ایک ہستی کرتی ہے، وہ سب کرتے ہیں۔ لہٰذا، باپ اور بیٹے کے تابع ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ روح القدس کسی طرح فطری طور پر ان سے کمتر ہے— ایسا بالکل نہیں ہے۔ وہ اپنی الوہیت کے جوہر میں مکمل طور پر ان کے برابر ہے۔
روح القدس کی شخصیت مسیحی الٰہیات کا ایک ناگزیر حصہ ہے۔ اور جیسا کہ ہم نے دیکھا ہے، ہمارے پاس اس کی تصدیق کرنے کی بہت سی وجوہات ہیں۔ روح القدس ایسی صفات کا حامل ہے جو واضح طور پر اسے ایک الگ، خود آگاہ شخصیت کے طور پر نمایاں کرتی ہیں۔ اور باپ اور بیٹے کے ساتھ اس کے تعلقات اور میل جول اس میں کوئی شک نہیں چھوڑتے کہ وہ ایک متحرک ہستی ہے نہ کہ محض ایک بے جان قوت یا طاقت۔ ہمیں اس روایتی عقیدے پر بہت مضبوط ایمان رکھنا چاہیے اور ہم ایسا کر بھی سکتے ہیں۔
روح القدس پر اس سبق میں اب تک ہم نے روح کی الوہیت اور اس کی مکمل شخصیت کے بارے میں رسولوں کے عقیدے کی تصدیق کا جائزہ لیا ہے۔ اب ہم اپنے تیسرے بڑے موضوع پر گفتگو کرنے کے لیے تیار ہیں: وہ کام جو روح القدس نے پوری تاریخ میں کیا ہے اور آج بھی کر رہا ہے۔
روح کے کام کی گہری سمجھ رکھنے کا ایک فائدہ یہ ہے کہ ہم یہ جان لیتے ہیں کہ خدا ہمارے ساتھ بہت ہی ذاتی طریقے سے کام کرتا ہے۔ وہ محض بٹن نہیں دباتا۔ وہ ہمارے پاس آتا ہے اور ہمارے ساتھ بہت ہی ذاتی انداز میں بات چیت کرتا ہے۔ چنانچہ، روح اصل میں ہمارے دلوں میں بستا ہے۔ وہ ہمارے ساتھ رہتا اور ہمارے لیے دعا کرتا ہے۔ وہ ہمیں تقدس کی نعمتیں دیتا ہے، اور وہ بہت سے طریقوں سے ہمارے ساتھ شامل ہو جاتا ہے۔ درحقیقت، ہماری زندگی کے ہر مرحلے میں، وہ ہمیں مسیحی فضائل کے پھل دیتا ہے، جیسا کہ پولس گلتیوں میں کہتا ہے۔ وہ ہمیں کلیسیا میں خدمت کے لیے بہت سے تحائف دیتا ہے، اور یہ سب ہمارے لئے خدا کا کام ہےجو روح کے ذریعے ہوتا ہے ۔
— ڈاکٹر جان ایم فریم
اگرچہ رسولوں کا عقیدہ واضح طور پر روح کے کام کے بارے میں زیادہ بیان نہیں کرتا، لیکن "میں روح القدس پر ایمان رکھتا ہوں" کی تصدیق کر کے، اس عقیدے نے اصل میں روح کے کام کے بارے میں کئی عقائد کو اپنے اندر سمویا ہوا ہے ۔
روح کے کام کو بیان کرنے کے بہت سے طریقے ہیں، لیکن ہم اس کے صرف چار پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ پہلے، ہم اس کی تخلیقی قدرت کو دیکھیں گے۔ دوسرے، ہم اس کے تقدیس کے کام پر توجہ دیں گے۔ تیسرے، ہم اس کے فضل کے انتظام کے بارے میں بات کریں گے۔ اور چوتھے، ہم اس الہام کو بیان کریں گے جو وہ فراہم کرتا ہے۔ آئیے اس کی تخلیقی قدرت سے آغاز کرتے ہیں۔
اصطلاح "تخلیقی قدرت" سے ہماری مراد روح القدس کی مندرجہ ذیل دوہری صلاحیت ہے:
نئی چیزیں تخلیق کرنے کی صلاحیت، اور جو کچھ تخلیق کیا گیا ہے اس پر حکومت کرنے اور اسے تبدیل کرنے کی صلاحیت۔
جب آپ بائبل کا پہلا باب، پیدائش 1، پڑھتے ہیں تو روح یعنی روح القدس پانیوں کے اوپر جنبش کر رہا ہوتا ہے۔ جب آپ کلسیوں 1 کی طرف رجوع کرتے ہیں، تو ہم پڑھتے ہیں کہ مسیح خالق ہے، اور وہ روح القدس کے وسیلے سے تخلیق کرتا ہے... روح دوبارہ تخلیق میں بھی شامل ہے۔ دوبارہ تخلیق سے مراد وہ ہے جسے ہم تبدیلیِ قلب کے معنوں میں لے سکتے ہیں۔ یہ روح ہی ہے جو نئے سرے سے پیدا کرتا ہے۔ جب تک کوئی انسان روح سے پیدا نہ ہو، وہ خدا کی بادشاہی میں داخل نہیں ہو سکتا۔ لیکن روح نہ صرف انفرادی طور پر ہمیں نئی زندگی دینے میں مصروفِ عمل رہتا ہے، بلکہ کائنات کی تجدید میں بھی مصروف رہتا ہے ۔ چنانچہ، پولس رومیوں 8 میں کہتا ہے کہ کائنات خود تمام چیزوں کی تجدید کے انتظار میں کراہتی ہے اور دردِ زہ میں ہے، جو کہ روح القدس کا ایک کام ہے۔
— ڈاکٹر ڈیرک تھامس
روح القدس کی تخلیقی قدرت پر ہماری گفتگو اُس کی سرگرمی کے تین مختلف درجوں پر مرکوز ہوگی۔ پہلے، ہم قدرتی دنیا میں اُس کے تخلیقی کاموں کے بارے میں بات کریں گے۔ دوسرے، ہم اُن روحانی نعمتوں پر توجہ دیں گے جو وہ کلیسیا کو فراہم کرتا ہے۔ اور تیسرے، ہم انسانی روحوں اور دلوں کی ذاتی تجدید میں اُس کے کردار پر غور کریں گے۔ آئیے اُس طریقے سے آغاز کرتے ہیں جس سے قدرتی دنیا میں روح کی تخلیقی قدرت کا مظاہرہ ہوتا ہے۔
قدرتی دنیا میں روح القدس کی تخلیقی قدرت پہلی بار بائبل کی ابتدائی آیات میں نظر آتی ہے۔ اس سبق میں پہلے ہم نے پیدائش 1 کے تخلیقی بیان میں روح کے کردار کا جائزہ لیا تھا، اور یہ نوٹ کیا تھا کہ اُس نے عدم سے دنیا پیدا کرنے کے لیے الٰہی ق مطلق قدرت کا استعمال کیا۔ ہمیں زبور 30 :104 میں بھی ایسا ہی تصور ملتا ہے، جہاں زبور نویس نے زمین اور اس کی تمام مخلوقات کو پیدا کرنے کے لیے اپنا روح بھیجنے پر خدا کی تمجید کی، جو نہ صرف تخلیق کے پہلے ہفتے میں ہوا ، بلکہ روزانہ کی بنیاد پر بھی ہوتا ہے۔ زبور 6:33 میں اسی خیال کی بازگشت ملتی ہے، اور ایوب 4:33 اسے خاص طور پر انسانوں تک وسعت دیتا ہےصرف ایک مثال کے طور پر، زبور 30:104 کے الفاظ پڑھیں :
تُو اپنی رُوح بھیجتا ہے اور یہ پَیدا ہوتے ہیں اور تُو رُویِ زمِین کو نیا بنا دیتا ہے۔(زبور 30:104 )
اس آیت میں، زبور نویس نے اس طریقے کے بارے میں اپنا فہم بیان کیا ہے جس سے تخلیق کی ہر چیز وجود میں آتی ہے۔ اور اُس نے ہر چیز کی نسبت خدا کے روح یعنی روح القدس کی طرف جوڑی ۔
قدرتی دنیا میں روح القدس کی تخلیقی قدرت اُن بہت سے معجزات میں بھی دیکھی جا سکتی ہے جن کے لیے اُس نے کلامِ مقدس میں قوت بخشی۔ مثال کے طور پر، عہد نامہِ قدیم میں، اُس نے خروج 6:17 میں موسیٰ کو چٹان سے پانی نکالنے کے قابل بنایا۔ اور اُس نے 1 سلاطین 17 میں بیوہ کے آٹے اور تیل میں برکت دے کر اسے بڑھا دیا۔ عہد نامہِ جدید میں، اُس نے متی 14 میں پانچ ہزار لوگوں کو اور متی 15 میں چار ہزار لوگوں کو کھانا کھلانے کے لیے یسوع کو کھانا بڑھانے کے قابل بنایا۔ اور جیسا کہ ہم رومیوں 11:8 میں پڑھتے ہیں اُس نے یسوع کو مردوں میں سے جلِایا ۔ اور جیسا کہ ہم رومیوں 18:15-19 میں دیکھتے ہیں، اُس نے پولس کے تمام معجزات اور خدمت کو بھی تقویت بخشی ۔ یقیناً، اُس کے عظیم ترین معجزات میں سے ایک یسوع کا مجسم ہونا تھا، جس کے باعث یسوع کنواری مریم کے پیٹ میں پڑا ۔ لوقا 35:1 میں درج یہ خاص معجزہ روح القدس کا وہ واحد کام ہے جس کا رسولوں کے عقیدے میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے۔
آج بھی، روح القدس تخلیق کرنے، تجدید کرنے اور تمام مخلوقات کو اُس آخری حالت تک پہنچانے کی ڈرامائی قدرت رکھتا ہے جس کا خدا نے ارادہ کیا ہے۔ درحقیقت، دنیا کی اُس کی تجدید تب تک مکمل نہیں ہوگی جب تک وہ انسانیت کے گناہ میں گرنے کے تمام اثرات کو مکمل طور پر الٹ نہیں دیتا۔ پیدائش 3 ہمیں بتاتا ہے کہ جب آدم اور حوا نے نیکی اور بدی کی پہچان کے درخت سے ممنوعہ پھل کھایا، تو خدا نے اُن پر لعنت کی۔ اور چونکہ انسانیت کو پوری زمین پر خدا کے نائب یا نمائندے کے طور پر اختیار دیا گیا تھا، اس لیے آدم اور حوا پر خدا کی لعنت نے پوری کائنات کو متاثر کیا، جس میں خود زمین بھی شامل تھی۔ اُس وقت سے، روح القدس دنیا میں اسے بحال کرنے اور اسے اپنی آخری حالت تک لانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اور اس کا نتیجہ وہ نیا آسمان اور نئی زمین ہوگی جس کے بارے میں ہم یسعیاہ 17:65 اور 22:66، 2 پطرس 13:3، اور مکاشفہ 1:21 جیسے حوالوں میں پڑھتے ہیں۔
اب جبکہ ہم نے قدرتی دنیا میں روح القدس کی تخلیقی قدرت کو دیکھ لیا ہے، ہم یہ دیکھنے کے لیے تیار ہیں کہ وہ کلیسیا کو روحانی نعمتیں فراہم کرنے کے لیے اپنی تخلیقی قدرت کا استعمال کیسے کرتا ہے۔
جب ہم روحانی نعمتوں کی بات کرتے ہیں تو ہمارے ذہن میں یہ ہوتا ہے:
مافوق الفطرت نوعیت کی وہ صلاحیتیں جو روح القدس افراد کو کلیسیا کی تعمیر و ترقی کے مقصد کے لیے دیتا ہے۔
روح اُن لوگوں کو نئی صلاحیتیں عطا کر کے، جن میں وہ پہلے موجود نہیں تھیں، یا موجودہ صلاحیتوں کو حاصل کرنے والے شخص کی قدرتی استعداد یا تجربے سے بڑھ کر نکھار کر یہ نعمتیں پیدا کرتا ہے۔
عہد نامہِ جدید میں روحانی نعمتیں خاص، وہ منفرد صلاحیتیں ہیں جو مافوق الفطرت طور پر دی گئی ہیں۔ میرے خیال میں اس بات پر زور دینا اہم ہے کہ یہ محض قابلیت یا صلاحیتوں سے بڑھ کر ہیں۔ یہ ہر ایماندار کو مافوق الفطرت طور پر دی گئی ہیں۔ ہر ایماندار کے پاس ایک روحانی نعمت یا ممکنہ طور پر ایک سے زیادہ روحانی نعمتیں ہوتی ہیں۔
— ڈاکٹر مارک ایل سٹراس
روح القدس نے ابتدائی کلیسیا کو جس قسم کی نعمتیں دیں اُن کی فہرستیں رومیوں 12، 1 کرنتھیوں 12، اور افسیوں 4 جیسی جگہوں پر نظر آتی ہیں۔ ان میں سے کچھ نعمتیں قدرتی صلاحیتوں یا عالمگیر انسانی صلاحیتوں سے مشابہت رکھتی ہیں۔ یہ وہ صلاحیتیں ہیں جو کلیسیا سے باہر کے لوگوں کے پاس بھی کسی حد تک موجود ہوتی ہیں، جیسے کہ حکمت، علم، خدمت، تعلیم، حوصلہ افزائی، سخاوت، قیادت اور رحم کی نعمتیں ہیں۔ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ وہ خدا کی صورت پر پیدا کیے گئے ہیں ۔ لیکن دیگر روحانی نعمتوں کی نوعیت واضح طور پر براہِ راست آسمانی ہے، جیسے شفا دینا اور معجزاتی طاقتیں ہوتی ہیں ۔ اور کچھ دیگر نعمتیں قدرتی اور آسمانی کے درمیان کہیں ہوتی ہیں، جیسے نبوت، غیر زبانیں بولنا، زبانوں کا ترجمہ کرنا، اور روحوں کا امتیاز کرنا۔
اب، تمام مسیحی اس بات پر متفق ہیں کہ روح القدس اپنی کلیسیا کو آسمانی نعمتیں دیتا ہے۔ لیکن اس عمومی اتفاق کے اندر، مختلف باریک نظریات پائے جاتے ہیں۔ کچھ کلیسیائیں "انقطاع پسندی" کا موقف رکھتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ جدید دور میں روح القدس صرف وہی نعمتیں دیتا ہے جو قدرتی قابلیتوں سے مشابہت رکھتی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ زیادہ حیرت انگیز معجزاتی نعمتیں ختم ہو چکی ہیں، شاید رسُولی دور کے بعد، یا کلامِ مقدس یعنی بائبل کی تکمیل کے بند ہونے کے ساتھ رُک چُکی ہیں ۔ دیگر کلیسیائیں "دوام پسندی" کا موقف رکھتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ روح اب بھی وہی تمام نعمتیں دیتا ہے جو ہم عہد نامہِ جدید میں ظاہر ہوتے دیکھتے ہیں۔ اس موقف کے اندر، اس حوالے سے بہت سے مختلف نکتہ ِ نظر موجود ہیں کہ کسی انفرادی مسیحی کو کن نعمتوں کے ملنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ ان دو انتہاؤں کے درمیان، مختلف معتدل نظریات موجود ہیں۔ معتدل کلیسیائیں یہ مانتی ہیں کہ روح القدس جب چاہے اب بھی حیرت انگیز نعمتیں دے سکتا ہے۔ لیکن وہ اس بات پر اصرار نہیں کرتیں کہ روح القدس کو ہمیشہ اپنی کلیسیا کو ہر قسم کی نعمت دینی چاہیے۔ یہ کلیسیائیں کسی بھی وقت، کسی بھی طریقے سے عمل کرنے کے لیے روح القدس کی آزاد مرضی پر زور دیتی ہیں۔
لیکن ان تمام موقفوں میں ایک چیز مشترک ہے : اور وہ یہ عقیدہ ہے کہ روح القدس اپنی کلیسیا کے فائدے کے لیے اپنے لوگوں کو کم از کم کچھ نعمتیں دینا جاری رکھتا ہے۔ روحانی نعمتیں خدا کی قدرت ہیں، اور انہیں مجموعی طور پر اُس کے لوگوں کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ وہ افراد کی خواہشات کی تسکین کے لیے، یا انفرادی روحانی زندگی کو نکھارنے کے لیے نہیں دی جاتیں۔ بلکہ، وہ کلیسیا کو خدمت کے لیے بااختیار بنانے اور مسیح میں پختگی تک بڑھنے میں مدد دینے کے لیے دی جاتی ہیں۔ ہم اسے رومیوں 4:12، 5، 1 کرنتھیوں 7:12، اور افسیوں 7:4-16 میں دیکھتے ہیں۔ ایک مثال کے طور پر، 1 کرنتھیوں 7:12 میں پولس نے جو لکھا اسے دیکھیں :
لیکن ہر شخص میں رُوح کا ظہُور فائِدہ پُہنچانے کے لِئے ہوتا ہے۔ (1 کرنتھیوں 7:12)
جیسا کہ پولس نے یہاں اشارہ کیا، روحانی نعمتیں کلیسیا کی بھلائی کی خاطر دی جاتی ہیں۔ صاحبِ نعمت افراد اپنی نعمتوں سے خود بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ لیکن نعمتیں دینے کا بنیادی مقصد کلیسیا کا فائدہ ہے۔ یہ قدرت کے وہ تخلیقی کام ہیں جنہیں روح القدس مجموعی طور پر اپنی کلیسیا کی تعمیر کے لیے استعمال کرتا ہے۔
روحانی نعمتوں کے بارے میں جو سب سے اہم بات ہم جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ انہیں کلیسیا کے اندر پروان چڑھنا چاہیے، دریافت ہونا چاہیے اور استعمال ہونا چاہیے، جو کہ مسیح کا بدن ہے۔ روحانی نعمتیں کسی فرد کو اس لیے نہیں دی جاتیں کہ وہ تنہا ان سے لطف اندوز ہو اور فائدہ اٹھائے۔ وہ لوگوں کے گروہوں، ایمانداروں کے گروہوں، یعنی یسوع مسیح کی کلیسیا کی تعمیر اور ترقی کے لیے دی جاتی ہیں۔
— ڈاکٹر ریاض قصیس
پاک روح نے ہمیں جو روحانی تحفے دیے، وہ کلیسیا کی ترقی اور اُسے مضبوط کرنے کے لیے دیے تاکہ مسیحی خدمت کا کام آگے بڑھ سکے۔ اِن کا مقصد ایک دوسرے کی ہمت بڑھانا اور خوشخبری کو پوری دنیا میں پھیلانے کے بڑے حکم کو پورا کرنا ہے۔آج کل ہمارا سارا دھیان غیر زبانوں اور نبوتوں جیسے مسئلوں پر رہتا ہے، لیکن پاک کلام میں اِن باتوں کو دوسرا درجہ دیا گیا۔ ہمیں روحانی تحفوں کو اُسی طرح دیکھنا چاہئے جیسے انجیل میں بتایا گیا۔ یہ تحفے ہمیں تسلی دیتے ہیں اور یہ ثابت کرتے ہیں کہ نئے عہد کا دور شروع ہو چکا ہے۔یہ پاک روح کا وہ کام ہے جو وہ ہمارے اندر اکیلے بھی کرتا ہے اور پوری جماعت میں مِل کر بھی کرتا ہے۔ اِسی کے ذریعے خدمت کا کام اکیلے، مِل کر اور پوری دنیا میں آگے بڑھتا ہے۔ جب تک ہم اِس دنیا میں رہتے ہیں ہمیں اِسی اصل بات پر توجہ دینی چاہیے اور اِسے اپنی ذاتی زندگی اور کلیسیا کی باہمی زندگی میں اِستعمال ہوتے دیکھنا چاہیے ۔
— ڈاکٹر سٹیفن جے ویلم
یہ دیکھنے کے بعد کہ روح القدس قدرتی دنیا میں اپنی تخلیقی قدرت کو کس طرح استعمال کرتا ہے اور کلیسیا کو روحانی نعمتیں کیسے فراہم کرتا ہے ، آئیے اب دیکھتے ہیں کہ ہر ایماندار کی روح اور دل کی ذاتی تجدید میں اُس کی قدرت کا اظہار کیسے ہوتا ہے۔
کلامِ مقدس سکھاتا ہے کہ انسان روحانی موت کی حالت میں پیدا ہوتا ہے۔ جیسا کہ رومیوں 12:5-19 بتاتا ہے، ہم آدم کے گناہ کے مجرم ہیں، اور اس کے نتیجے میں موت کے سزاوار ہیں۔ چنانچہ، ہمیں اس مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے، روح القدس ہماری روحوں کو خدا کے حضور زندہ کر کے ہمارے اندر نئی زندگی پیدا کرتا ہے۔ بائبل اس نئی زندگی کے بارے میں "ازسرِ نو پیدائش" اور "نئے سرے سے پیدا ہونے" کی اصطلاحات میں بات کرتی ہے۔ ہم اس نئی پیدائش کے بارے میں یوحنا 3:3-8، ططس 5:3، 1 یوحنا 1:5-18، اور کئی دوسری جگہوں پر پڑھتے ہیں۔ ان کی صرف ایک مثال کے طور پر، ططس 5:3 میں پولس کے الفاظ سنیں:
اُس نے ہم کو نجات دی مگر راست بازی کے کاموں کے سبب سے نہیں جو ہم نے خُود کِئے بلکہ اپنی رحمت کے مُطابِق نئی پَیدایش کے غُسل اور رُوحُ القُدس کے ہمیں نیا بنانے کے وسِیلہ سے۔ (ططس 5:3)
ہمارے نئے سرے سے پیدا ہونے کے بعد، روح القدس ہمارے اندر اپنے کام کو جاری رکھتا ہے تاکہ ہمارے خیالات، احساسات اور کاموں کو تبدیل کر سکے، اور ہمیں ایسے لوگ بنا سکے جو خداوند سے محبت کریں اور اس کے فرمانبردار رہیں۔ عہد نامہِ جدید رومیوں 1:8-16، 1 کرنتھیوں 3:12، گلتیوں 16:5-25، اور فلپیوں 13:2 جیسے حوالوں میں اس بارے میں بات کرتا ہے۔ شاید روح القدس کی تبدیلی لانے والی قدرت کی سب سے مشہور وضاحت پولس کی وہ تفصیل ہے جو وہ روح کے اُس پھل کے بارے میں دیتا ہے جو روح القدس ایمانداروں کی زندگیوں میں پیدا کرتا ہے۔ سنیں کہ پولس نے گلتیوں 22:5-23 میں کیا لکھا:
مگر رُوح کا پھل مُحبّت۔ خُوشی۔ اِطمِینان۔ تحمُّل۔ مِہربانی۔ نیکی۔ اِیمان داری۔ حِلم۔ پرہیزگاری ہے۔ (گلتیوں 22:5-23)
ہمارے کردار میں یہ تمام تبدیلیاں روح القدس کی فعال اور تخلیقی قدرت کا نتیجہ ہیں جب وہ ہمیں یسوع مسیح کی صورت پر ڈھالتا ہے۔ اور یقیناً، آخری دن، روح القدس اپنی تخلیقی قدرت کو تمام وفادار مسیحیوں کے مادی بدنوں کو زندہ کرنے کے لیے استعمال کرے گا، اور ہمیں یسوع کے بدن جیسا کامل اور لافانی بدن عطا کرے گا۔ سنیں کہ پولس نے رومیوں 23:8 میں اس بارے میں کیا کہا:
ہم بھی جِنہیں رُوح کے پہلے پَھل مِلے ہیں آپ اپنے باطِن میں کراہتے ہیں اور لے پالک ہونے یعنی اپنے بدن کی مُخلصی کی راہ دیکھتے ہیں۔ (رومیوں 23:8)
جب پولس نے کہا کہ مسیح کے پیروکاروں کے پاس روح کے پہلے پھل ہیں، تو اس نے عہد نامہِ قدیم کے اُس دستور کی زبان استعمال کی جس میں پہلی فصل کا ہدیہ لایا جاتا تھا جو اُس سال کی پوری فصل کا نمائندہ ہوتا تھا۔ بالکل اسی طرح، ایمانداروں میں روح القدس کا موجودہ کام آنے والی کسی بہت بڑی چیز کا محض پہلا پھل ہے۔ روح القدس کا کام تب تک مکمل نہیں ہوگا جب تک وہ ہمیں مکمل طور پر دوبارہ تخلیق نہ کر دے، ہماری لعنت اورگندگی کو دور نہ کر دے، اور ہمیں ایک اصلی اور گناہ سے پاک حالت میں بحال نہ کر دے۔ اب تک، روح نے ہماری روح کو نئی زندگی دی ہے۔ لیکن وہ آخر کار ہمارے بدنوں کو بھی دوبارہ تخلیق کرے گا۔
اب جبکہ ہم نے روح القدس کی تخلیقی قدرت کے کاموں کو دیکھ لیا ہے، ہم اپنی توجہ اُس کے تقدیس کے کام کی طرف مبذول کریں گے۔
جب ہم روح کے تقدیس کے کام کی بات کرتے ہیں، تو ہم جس عمل کے بارے میں بات کر رہے ہوتے ہیں، وہ ہے:
لوگوں اور چیزوں کو پاک بنانے کا عمل۔
یہ وہ کام ہے جو روح لوگوں اور چیزوں کو خدا کے استعمال کے لیے الگ کرنے، انہیں پاک کرنے، اور انہیں اُس کے بے نقاب جلال کے قریب ہونے کے قابل بنانے کے لیے کرتا ہے۔ کئی طرح سے، یہ تصور تجدید کے اُس تصور سے گہرا تعلق رکھتا ہے جس کا ہم نے اس سبق کے پچھلے حصے میں جائزہ لیا تھا۔
بائبل اکثر کہتی ہے کہ کلیسیا روح القدس کی موجودگی اور خدمت سے مقدس یا پاک ہوتی ہے۔ ہم یہ تصور رومیوں 16:15، 1 کرنتھیوں 11:6، 2 تھسلنیکیوں 13:2 اور 1 پطرس 1:1-2 جیسے حوالوں میں دیکھتے ہیں۔ سنیں کہ پولس نے 1 کرنتھیوں 16:3-17 میں روح القدس کے بارے میں کس طرح بات کی:
کیا تُم نہیں جانتے کہ تُم خُدا کا مَقدِس ہو اَور خُدا کا رُوح تُم میں بسا ہُؤا ہے؟ اگر کوئی خُدا کے مَقدِس کو برباد کرے گا تو خُدا اُس کو برباد کرے گا کیونکہ خُدا کا مَقدِس پاک ہے اور وہ تُم ہو۔ (1 کرنتھیوں 16:3-17)
عہد نامہِ قدیم میں، یہودیوں کی ہیکل زمین پر خدا کا وہ محل تھی جہاں اُس کی خاص حضوری ہوا کرتی تھی۔ جیسا کہ سلیمان نے 2 تواریخ 1:6 میں اعلان کیا تھا ،وہ زمین پر اُس کا گھر تھا ۔ لیکن عہد نامہِ جدید میں، خدا اب ہیکل میں نہیں بستا۔ اس کے بجائے، روح القدس نے کلیسیا کو نئی ہیکل کے طور پر مقدس کر دیا ہے۔ یہی تصور افسیوں 22:2 میں واضح طور پر م نظر آتاہے، اور کلامِ مقدس کے دیگر حصوں میں اس کی بازگشت ملتی ہے۔
یہ بھی کہا جاتا ہے کہ روح القدس انفرادی ایمانداروں کو اُن کے اندر بس کر مقدس کرتا ہے۔ یہ وہ تصور ہے کہ روح القدس درحقیقت ایمانداروں کے دلوں کے اندر رہتا ہے۔ اس سکونت کا تذکرہ کلامِ مقدس میں کئی مقامات پر ملتا ہے، جیسے رومیوں 9:8-16، 1 کرنتھیوں 19:6، 2 تیمتھیس 14:1، اور یعقوب 5:4۔
روح القدس کی سکونت ایماندار کے لیے ایک لازمی حقیقت ہے۔ جب خدا حرکت کرتا ہے اور مسیحیوں کو مسیح میں نئی مخلوق بناتا ہے، تو روح القدس ان کی زندگیوں کا چارج سنبھال لیتا ہے۔ اور یہ بالکل ضروری ہے کہ ہم اُس پر انحصار کریں، اُس کی اندرونی قدرت پر بھروسہ کریں، ورنہ ہم صرف جسمانی طور پر زندگی گزار رہے ہوں گے۔ ہمیں روح میں جینے اور جسم میں جینے کے درمیان فرق سمجھنے کے قابل ہونا چاہیے ۔کیونکہ روح میں جینا ہی ہمیں اس قابل بناتا ہے کہ ہم مسیح کو اُس طریقے سے جلال دے سکیں جس طرح وہ ہم سے چاہتا ہے۔
— ڈاکٹر کے ایرک تھوینس
اس سکونت کے کئی نتائج نکلتے ہیں۔ صرف چند ایک کی فہرست بتائیں تو: یہ ہمیں گناہ سے پاک کرتا ہے، ہمیں خدا کے لیے الگ کرتا ہے، اور ہم اپنے دلوں اور ذہنوں میں روح کے اثر سے لطف اندوز ہوتے اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔ سنیں کہ پولس نے 1 کرنتھیوں 9:6-11 میں ان چیزوں کے بارے میں کس طرح بات کی:
کیا تُم نہیں جانتے کہ بدکار خُدا کی بادشاہی کے وارِث نہ ہوں گے؟ ۔۔۔اور بعض تُم میں اَیسے ہی تھے بھی مگر تُم خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے نام سے اور ہمارے خُدا کے رُوح سے دُھل گئے اور پاک ہُوئے اور راست باز بھی ٹھہرے۔ (1 کرنتھیوں 9:6-11)
روح القدس کے تقدیس کے کام کے ذریعے، ایماندار پاک کیے گئے ہیں اور خدا کے لیے الگ کر دیے گئے ہیں، تاکہ وہ اب بدکاروں میں شمار نہ ہوں۔
کیا آپ نے کبھی ایک منٹ رُک کر یہ سوچا ہے کہ یہ کتنی خاص بات ہے کہ خدا خود آپ کے اندر رہتا ہے؟ کائنات کا خالق آپ سے اتنی محبت کرتا ہے کہ اُس نے آپ کو ابدیت کے لیے اپنے ساتھ ایک کر دیا ہے۔ آپ اُس کی قبولیت کے کنارے پر ڈگمگا نہیں رہے۔ آپ اُس کے دل کی گہرائیوں میں چھپے ہوئے ہیں۔ اور یہ تعلق آپ کو گناہ کے خلاف مضبوط کرتا ہے۔ یہ آپ کو آزمائش کا مقابلہ کرنے اور خدا کو پسند آنے والے طریقوں سے زندگی گزارنے کی قدرت دیتا ہے۔ اور جب آپ گناہ کرتے ہیں—چاہے وہ کتنا ہی برا کیوں نہ ہو— تو آپ پھر بھی خدا کی نظر میں قابلِ قبول ہیں۔ آپ اب بھی اُس کے حضور داخل ہونے، اُس کے ساتھ رفاقت کرنے، اُس کی عبادت کرنے، اور یقیناً اُس سے معافی مانگنے اور حاصل کرنے کے لائق ہیں۔
اب تک، ہم نے روح القدس کی تخلیقی قدرت اور اُس کے تقدیس کے کام پر غور کیا ہے۔ اب ہم اُن مختلف طریقوں کے بارے میں بات کرنے کے لیے تیار ہیں جن سے وہ الٰہی فضل کا انتظام کرتا ہے۔
ہم روح القدس کی طرف سے دئے جانے والے تین اقسام کے فضل کے بارے میں بات کریں گے: "عام فضل" ، "عہدی فضل" ، اور "نجات بخش فضل" ۔ آئیے عام فضل سے آغاز کرتے ہیں۔
عام فضل سے مراد وہ تحمل ہے جو خدا دکھاتا ہے اور وہ فوائد ہیں جو وہ تمام انسانیت کو دیتا ہے، چاہے وہ ایمان رکھتے ہوں یا نہ رکھتے ہوں ۔ روح القدس تمام لوگوں کو برابر کا عام فضل نہیں دیتا۔ بلکہ، وہ مختلف جگہوں ہر اور مختلف لوگوں میں اپنے منصوبوں اور خواہشات کے مطابق کام کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، عام فضل اُس طریقے سے دیکھا جاتا ہے جس سے روح القدس دنیا میں گناہ کو روکتا ہے۔ گُناہ میں گرے ہوئے غیر ایماندار گناہ کے قابو میں ہوتے ہیں، جیسا کہ پولس نے رومیوں 1:8-8 میں سکھایا۔ وہ فطری طور پر خدا کے دشمن ہیں اور گناہ سے محبت کرتے ہیں۔ لیکن جیسا کہ پولس نے رومیوں 7 اور 8 میں سکھایا، روح القدس دنیا میں گناہ کا مقابلہ کرتا ہے۔ یہ اُس طریقے سے مشابہ ہے جس طرح وہ ایمانداروں کے ازسرِ نو پیدا ہونے کے بعد اُن میں کام کرتا ہے۔ اگرچہ وہ غیر ایمانداروں کو اتنی بڑی برکت عطا نہیں کرتا، لیکن یہ پھر بھی سچ ہے کہ وہ اکثر انہیں روکتا ہے تاکہ وہ اتنے بڑے گناہ نہ کریں جتنے وہ کر سکتے ہیں۔
دنیا میں کثرت سے نظر آنے والے عام فضل کا ایک اور پہلو وہ علم ہے جو غیر ایماندار حاصل کرتے ہیں، اور وہ اچھے کام ہیں جو وہ اس علم کے ساتھ کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ غیر ایماندار بہت سی قیمتی سچائیاں سیکھ سکتے ہیں جنہیں وہ باقی انسانیت کے ساتھ ساتھ کلیسیا اور اس کے ایمانداروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اور جب بھی کوئی مفید چیز دریافت کرتا ہے، تو وہ علم روح القدس کی طرف سے ایک عنایت کردہ تحفہ ہوتا ہے۔ جان کیلون نے ،( وہ مشہور پروٹسٹنٹ مصلح جو 1509 سے 1564 عیسوی تک زندہ رہے ) اپنی تصنیف "مسیحی مذہب کے ادارے" (Institutes of the Christian Religion) کی دوسری کتاب، دوسرے باب، دفعات 15-16 میں روح القدس کے علم کے عام تحائف کو بیان کیا۔ دیکھیں کہ انہوں نے وہاں کیا لکھا:
جب کبھی ہم دُنیاوی مصنفین کی تحریروں میں سچائی کو دیکھتے ہیں، تو اُس سے ہمیں ایک سبق سیکھنا چاہیے۔ انسان کا ذہن اپنی اصلی حالت سے گِر تو چکا ہے اور خراب بھی ہُوا، لیکن پھر بھی خدا نے اِسے بہترین تحفوں سے سجایا اور نوازا ہے۔اگر ہم پاک روح کو سچائی کا واحد چشمہ مانتے ہیں، تو ہمیں سچائی کو رد نہیں کرنا چاہیے، چاہے وہ کہیں بھی نظر آئے۔ اگر ہم سچائی کو حقیر سمجھیں گے تو اِس کا مطلب ہے کہ ہم خدا کی روح کی بے عزتی کر رہے ہیں۔اگر خدا نے یہ چاہا کہ طبعیات (Physics)، منطق (Logic)، ریاضی اور اِسی طرح کے دوسرے علوم میں وہ لوگ ہماری مدد کریں جو خدا کو نہیں مانتے، تو ہمیں اُن سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔
کلامِ مقدس میں بہت سے مقامات پر ہم روح القدس کی طرف سے دی جانے والی فضل کی ایک دوسری قسم بھی دیکھ سکتے ہیں جسے بعض اوقات عہدی فضل کہا جاتا ہے۔
عہدی فضل ان امور پر مشتمل ہے:
وہ تحمل اور فوائد جو خدا ہر اُس شخص کو دیتا ہے جو اُس کے عہدی لوگوں کا حصہ ہے، چاہے وہ حقیقی ایماندار نہ بھی ہوں۔
عہد نامہِ قدیم میں، بنی اسرائیل خدا کے عہدی لوگ تھے کیونکہ پوری قوم ابرہام، موسیٰ اور داؤد کے ساتھ خدا کے خصوصی عہدوں کے تحت تھی۔ عہد نامہِ جدید میں، خدا کے عہدی لوگ " نظر آنے والی کلیسیا" ہیں جو ایسے لوگوں پر مشتمل ہوتی ہے جو کلیسیا سے منسلک ہوتے ہیں چاہے وہ حقیقی ایماندار نہ بھی ہوں۔ خدا کا عہدی فضل اُس کے عام فضل سے بھی زیادہ وافر اورصبر سے بھر پُور ہے۔
مثال کے طور پر، خدا قدیم بنی اسرائیل کے ساتھ بہت صابر اور رحیم تھا، حالانکہ بنی اسرائیل اکثر اُس کے ساتھ بے وفائی کرتے تھے اور اُس کے خلاف بڑے گناہ کرتے تھے ۔ اسرائیل کے ساتھ خدا کے عہد کی وجہ سے، اُس نے انہیں بطور قوم ہلاک نہیں کیا بلکہ ہمیشہ ایک وفادار گروہ کو محفوظ رکھا۔ پولس نے رومیوں 1:11-5 میں اس بارے میں واضح طور پر بات کی۔ مزید یہ کہ خدا کے عہد کی وجہ سے، قدیم اسرائیل کے غیر ایمانداروں نے بھی اُس کی برکتیں حاصل کیں۔ شاید اس کی سب سے بڑی مثال مصر سے خروج ہے۔ دیکھیں کہ موسیٰ نے خروج 23:2-25 میں کیا لکھا:
اور ایک مُدّ ت کے بعد یُوں ہُؤا کہ مِصرؔ کا بادشاہ مَر گیا اور بنی اِسرائیل اپنی غُلامی کے سبب سے آہ بھرنے لگے اور روئے اور اُن کا رونا جو اُن کی غُلامی کے باعِث تھا خُدا تک پُہنچا۔ اور خُدا نے اُن کا کراہنا سُنا اور خُدا نے اپنے عہد کو جو ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ کے ساتھ تھا یاد کِیا۔ اور خُدا نے بنی اِسرائیل پر نظر کی اور اُن کے حال کو معلُوم کِیا (خروج 23:2-25)
غور کریں کہ خدا نے بنی اسرائیل کا خیال کیوں کیا اور انہیں کیوں بچایا۔ یہ اس لیے نہیں تھا کہ وہ اُس کے وفادار تھے، بلکہ اس لیے کہ وہ اُس عہد میں شامل تھے جو اُس نے اُن کے آباؤ اجداد ابرہام، اضحاق اور یعقوب کے ساتھ کیا تھا۔ اور یہی بات آج کلیسیا میں بھی سچ ہے۔ مثال کے طور پر، ہر وہ شخص جو کلیسیا کا حصہ ہے، اُس کے سامنے باقاعدگی سے خوش خبری اور توبہ کر کے نجات پانے کا موقع پیش کیا جاتا ہے۔ اور وہ ان برکتوں میں شریک ہوتے ہیں جو خدا مجموعی طور پر کلیسیا کو عطا کرتا ہے۔ درحقیقت، کلیسیا میں موجود غیر ایماندار کلیسیا کی روحانی نعمتوں سے بھی فائدہ اٹھاتے ہیں، جیسا کہ ہم عبرانیوں 4:6-6 میں سیکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عبرانیوں 29:10 کہتا ہے کہ کلیسیا میں موجود غیر ایماندار اپنی بے وفائی کے ذریعے "فضل کے روح" کی توہین کرتے ہیں۔
جب ہم کلیسیا میں جاتے ہیں، تو وہاں ایسے لوگ ہوتے ہیں جو نجات یافتہ بھی ہوتے ہیں اور غیر نجات یافتہ بھی... غیر نجات یافتہ لوگ محض مسیحیوں کی موجودگی میں ہونے سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ یہ ایک اچھی بات ہے۔ خدا اس سے کیا مقصد حاصل کرتا ہے،؟ یہ ہم ہمیشہ نہیں بتا سکتے۔ لیکن صرف وہاں ہونا ہی ایک اچھی بات ہے۔ جان کیلون نے عام فضل کے بارے میں بات کی؛ جان ویسلے نے خدا کے "پیشگی فضل" کے بارے میں بات کی—یہ وہ طریقہ ہے جس سے فضل کسی شخص کی زندگی میں اُس وقت کام کرتا ہے جب وہ شعوری طور پر یسوع مسیح پر ایمان کا اقرار نہیں کرتا۔ چنانچہ، وہ فضل کام کر رہا ہوتا ہے، اور میرے خیال میں غالباً دو بڑے طریقوں سے۔ ایک یہ کہ، ہم اپنے گناہوں کے قائل ہونا شروع ہوتے ہیں۔ ہم یہ دیکھ پاتے ہیں کہ گناہ ایک حقیقت ہے، گناہ ہمیں نقصان پہنچاتا ہے، بلکہ یہ خدا کے دل کو بھی توڑتا ہے۔ یہ دیکھنے کے لیے آپ کو فضل کے مقام پر ہونا چاہیے۔ اور پھر، جب گناہ کی وہ آگاہی ہم میں کام کرنا شروع کرتی ہے، تو ہم اس بات کے قائل ہونے لگتے ہیں کہ زندگی گزارنے کا ایک اور طریقہ بھی ہے، جو ایک بہتر طریقہ ہے۔ اور اس طرح، میں سمجھتا ہوں کہ خاص طور پر غیر نجات یافتہ شخص کے لیے، یہ محض ایک نئے نکتہ ِ نظر سے زندگی کو دیکھنے کا موقع ہے، اس یقین کے ساتھ کہ جب وہ ایسا کریں گے تو خدا ان کی زندگیوں میں کام کرے گا۔
— ڈاکٹر سٹیو ہارپر
یہ واقعی انہیں خدا کی پروردگاری کے ذریعے ایسے ماحول میں رکھتا ہے جہاں وہ انجیل سن سکتے ہیں، جہاں وہ انجیل کو عملی زندگی میں دیکھ سکتے ہیں، جہاں وہ دیکھ سکتے ہیں کہ لوگوں کے ایک گروہ کی رفاقت میں زندہ یسوع مسیح کیسا نظر آتا ہے۔ اور اس لیے، خدا کی حاکمیت میں، شاید یہ اُس کا وہ طریقہ کار ہے جس کے ذریعے وہ کسی شخص کو نجات پانے سے پہلے کلیسیا کی زندگی میں لاتا ہے تاکہ وہ انجیل کو قبول کر سکے۔
— ڈاکٹر سٹیو بلیک مور
روح القدس کی طرف سے دی جانے والی فضل کی تیسری اور آخری قسم وہ ہے جسے بہت سے ماہرینِ الٰہیات نجات بخش فضل کہتے ہیں۔
نجات بخش فضل سے مراد ہے:
مسیح کی کامل زندگی، موت، جی اٹھنے، آسمان پر جانے اور جلالی واپسی کے ابدی فوائد کا اُن لوگوں کو ملنا جو اُسے خداوند اور نجات دہندہ کے طور پر قبول کرتے ہیں۔
ہر ایماندار روح القدس سے نجات بخش فضل حاصل کرتا ہے۔ وہ برکتیں جو ہم روح القدس کے نجات بخش فضل کے انتظام کے نتیجے میں حاصل کرتے ہیں، یسوع کے کام کی بنیاد پر پہلے ہی ہمارے لیے محفوظ کر دی گئی ہیں۔ لیکن ہم ان کے فوائد حاصل کرنا تب تک شروع نہیں کرتے جب تک روح القدس ان کا ہم پر اطلاق نہیں کر دیتا۔ ان برکتوں میں سب سے واضح چیزیں "ازسرِ نو پیدائش" جیسی ہیں، جس کے ذریعے روح القدس ہماری روحوں کو نئی زندگی دیتا ہے، تاکہ ہم نئے سرے سے پیدا ہوں۔ ہم اس بارے میں یوحنا 5:3-8، رومیوں 2:8-11، اور ططس 5:3 جیسےحوالوں میں پڑھتے ہیں۔ توبہ، گناہوں کی معافی اور راستباز ٹھہرایا جانا بھی وہ نجات بخش فضل ہیں جن کا اطلاق روح القدس ہم پر کرتا ہے- یہ ہم جیسا کہ ہم زکریا 10:12، 1 کرنتھیوں 11:6، اور ططس 5:3-8 میں دیکھتے ہیں۔ عہد نامہِ جدید مجموعی طور روح القدس کے ذریعے ہم پر نجات کے لاگو ہونے کے بارے میں بھی بات کرتا ہے، جیسا کہ 2 تھسلنیکیوں 13:2 اور ططس 5:3 میں ہے۔
جب مسیحی انفرادی نجات کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو ہماری توجہ یسوع مسیح اور اُس کے کام پر مرکوز ہو تی ہے۔ اور یقیناً، ایسا کرنا ایک اچھی بات ہے۔ لیکن روح القدس کے کردار کو پہچاننا بھی اہم ہے۔
یہ سمجھنا کہ پاک روح ایک مومن کی زندگی میں کیا کرتا ہے، ہمیں ایک بھرپور مسیحی زندگی کی طرف لے جاتا ہے۔ پاک روح ہی ہمارے اندر وہ شوق پیدا کرتا ہے جس سے ہمیں یہ احساس ہوتا ہے کہ مسیح کے لیے جینے کی خواہش اور طاقت دونوں پاک روح ہی سے ملتی ہیں۔یہ اُس گہری سمجھ کا حصہ ہے کہ پاک روح ہمارے لیے کیا کرتا ہے۔ وہی ہے جو ہمارے ذہنوں کو روشن کرتا ہے تاکہ ہم خدا کے کلام کو سمجھ سکیں۔ وہی ہے جو ہمارے اندر خدا کی باتوں کے لیے بھوک اور پیاس پیدا کرتا ہے، تاکہ ہم خدا کے لوگوں سے محبت کریں اور اُس کی خدمت کرنا چاہیں۔اِس بات سے انسان کا بہت سا بوجھ ہلکا ہو جاتا ہے۔ اِنسان اِس دباؤ سے نکل آتا ہے کہ "یہ سب کچھ میرے کاندھوں پر ہے، خدا نے مجھے بتا دیا کہ کیا کرنا ہے اور اب یہ مجھ پر ہے کہ میں اِسے کروں یا فرمانبرداری دکھاؤں۔"بے شک، ذمہ داری ہماری ہے اور خدا ہماری جگہ فرمانبرداری نہیں کرتا، لیکن ہم اِس بات کو مانتے ہیں کہ وہی ہمیں خواہش، طاقت اور سمجھ دیتا ہے۔ یہ سب کچھ اُسی کے جلال کے لیے ہے۔
— ڈاکٹر ڈونلڈ ایس وائٹنی
روح القدس تثلیث کی کسی بھی دوسرے ہستی سے زیادہ، ہماری زندگیوں میں سرگرم ہے۔ یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہم معافی، خوشی، نیکی، طاقت، اطمینان اور نجات کی تمام دیگر برکتیں حاصل کریں۔ لہٰذا، اگر ہم ان چیزوں کو کثرت سے حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو ہمیں اُس کے نجات بخش فضل کے لیے اُس سے التجا کرنی چاہیے۔ اور اس سے بڑھ کر، ہمیں روح کی وفاداری اور رحم کے لیے اُس کی تعظیم کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ نجات بخش فضل جو روح القدس ہمیں عطا کرتا ہے، وہ اسے ہمارے تشکر ، ہماری ستائش، ہماری عبادت اور ہماری محبت کے لائق بناتا ہے۔
اب جبکہ ہم نے روح القدس کی تخلیقی قدرت، تقدیس اور فضل کے کاموں کا جائزہ لے لیا ہے، ہم اُس کے الہام کے کاموں کو دیکھنے کے لیے تیار ہیں۔
روح القدس کو عام طور پر تثلیث کی اُس ہستی کے طور پر پہچانا جاتا ہے جو وحی، گواہی اور فہم کا کارندہ ہے۔ ہم اسے یوحنا 26:14، 1 کرنتھیوں 2 : 4 ، 10 ، افسیوں 5:3، اور کئی دوسری جگہوں پر دیکھتے ہیں۔ درحقیقت، روح اور الہام کے درمیان تعلق اتنا گہرا ہے کہ یوحنا 17:14، 26:15، اور 13:16 جیسی آیات میں روح القدس کو اصل میں "سچائی کا روح" کہا گیا ہے۔ اور 1 یوحنا 6:5 میں، یوحنا نے یہاں تک کہہ دیا کہ:
روح سچائی ہے (1 یوحنا 6:5)
اسی طرح، پولس نے افسیوں 17:1 میں روح کے کردار کا خلاصہ اسے یہ کہہ کر کیا:
حکمت اور مکاشفہ کا روح (افسیوں 17:1)
ہم روح کے الہام دینے کے کام کے تین پہلوؤں کے بارے میں بات کریں گے۔ پہلے، ہم عام الہام کے بارے میں بات کریں گے۔ دوسرے، ہم خاص الہام کو دیکھیں گے۔ اور تیسرے، ہم روشنی اور اندرونی رہنمائی پر توجہ مرکوز کریں گے۔ آئیے پہلے عام الہام کو دیکھتے ہیں۔
عام الہام سے مراد ہے:
خدا کا قدرتی دنیا اور اس کے نظام کو استعمال کرتے ہوئے اپنے وجود، فطرت، موجودگی، کاموں اور مرضی کو تمام انسانیت پر ظاہر کرنا۔
کلامِ مقدس کئی مقامات پر عام الہام کے بارے میں بات کرتا ہے، جیسے زبور 8، 19، اور رومیوں 1-2۔ مثال کے طور پر، رومیوں 20:1 عام الہام کے بارے میں اس طرح بیان کرتا ہے:
کیونکہ اُس کی اَن دیکھی صِفتیں یعنی اُس کی ازلی قُدرت اور الُوہِیت دُنیا کی پَیدایش کے وقت سے بنائی ہُوئی چِیزوں کے ذرِیعہ سے معلُوم ہو کر صاف نظر آتی ہیں۔ یہاں تک کہ اُن کو کُچھ عُذر باقی نہیں۔ (رومیوں 20:1)
کلامِ مقدس اکثر کہتا ہے کہ عا م الہام فطرت میں روح القدس کی تخلیقی قدرت کے کاموں کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے۔یہ تخلیق کے عمل میں بھی، اور جو کچھ پیدا کیا گیا ہے اسے برقرار رکھنے میں بھی پہنچایا جاتا ہے۔ یہ تمام کام روح کے ارادے اور کردار سے نکلتے ہیں۔ چنانچہ، جب ہم ان میں اُس کے ہاتھ کو پہچانتے ہیں، تو وہ ہمیں اُس کی فطرت اور ارادوں کے بارے میں سکھاتے ہیں۔
عام الہام میں روح القدس کا کردار کافی اہم ہے کیونکہ، ظاہر ہے، وہی تخلیق کا کارندہ ہے۔ وہی ہے جو اب بھی خدا کے قوانین کو برقرار رکھنے میں شامل ہے۔ یہ وہ قوانین ہیں جنہیں ہم کبھی کبھی "فطرت کے قوانین" کہتے ہیں۔ اور یہ وہ الہام ہے جو روح القدس بلا تفریق تمام لوگوں کو دیتا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ اُس سے مختلف ہے جسے ہم کبھی کبھی "خاص الہام " کہتے ہیں، اور جس کے ذریعے ہم اپنے دل میں اُس کے اندرونی کام کی وجہ سے یسوع کو خداوند اور نجات دہندہ کے طور پر جانتے ہیں۔ لیکن عام الہام ایک ایسی چیز ہے جو خدا کی تمام مخلوقات کے لیے دستیاب ہے۔
— ریورنڈ ڈاکٹر سائمن وائبرٹ
خدا ہمیں بتاتا ہے کہ "آسمان خدا کا جلال بیان کرتا ہے۔" لہٰذا جہاں کہیں بھی ہم اپنی نظر دوڑاتے ہیں، ہم اپنے چاروں طرف کائنات میں خدا کی قدرت، اُس کی حکمت اور اُس کی نیکی کا مظاہرہ دیکھ سکتے ہیں۔ روح القدس خدا کے اِن الہاموں کو لیتا ہے اور انہیں مؤثر طریقوں سے ہم تک پہنچاتا ہے، تاکہ ہمیں اپنے خالق کے ساتھ اپنے تعلق کو درست کریں۔
— ڈاکٹر کے ایرک تھوینس
دنیا کو عام الہام فراہم کرنے کے علاوہ، روح القدس خاص الہام بھی فراہم کرتا ہے، جو بنیادی طور پر کلیسیا کے لیے مخصوص ہے۔
خاص الہام سے مراد ہے:
خدا کی براہِ راست شمولیت، یا اُس کے پیغام بروں کا استعمال، تاکہ وہ انسانیت کے مخصوص گروہوں پر اپنے وجود، فطرت، موجودگی، کاموں اور مرضی کو ظاہر کرے۔
روح القدس نے کلامِ مقدس، نبوتوں، خوابوں، رویاؤں، فرشتوں کی آمد اور دیگر غیر معمولی ذرائع کی صورت میں خاص الہام فراہم کیا ہے۔ خاص الہام بنیادی طور پر مخصوص لوگوں یا گروہوں کو دیا جاتا ہے، خاص طور پر اُنہیں جو خدا کی نجات کی پیشکش کو قبول کرتے ہیں۔ عہد نامہِ قدیم میں، خاص الہام زیادہ تر ابرہام اور اُس کی اولاد کو دیا گیا تھا۔ اور عہد نامہِ جدید میں، یہ کلیسیا کو دیا گیا ۔ روحانی نعمتوں کی طرح، خاص الہام بھی خدا کے تمام لوگوں کے فائدے کے لیے ہے، تاکہ ہر ایک توبہ کرے اور ایمان میں ترقی پائے۔
روح القدس نے ہمیں جو سب سے بڑا خاص الہام عطا کیا، وہ خود یسوع مسیح کا مجسم ہونا تھا۔ عبرانیوں کا پہلا باب ہمارے خداوند کی تعریف خدا کے تمام الہام کے نقطہِ عروج کے طور پر کرتا ہے۔ اور اب بھی، روح القدس الہامی کلامِ مقدس کے ذریعے ہماری نشاندہی مسیح کی طرف کرتا رہتا ہے، جس میں تمام ادوار کے مسیح کے الفاظ شامل ہیں، جو اُس کے بااختیار نبیوں اور رسولوں کے ذریعے ہم تک پہنچائے گئے ہیں۔ کلامِ مقدس کی تصنیف میں روح القدس کے شامل ہونے کا ذکر متی 43:22، مرقس 36:12، اعمال 16:1، 25:4، اور 2 تیمتھیس 16:3-17 جیسے حوالوں میں ملتا ہے۔ صرف ایک مثال کے طور پر، سنیں کہ پطرس نے 2 پطرس 20:1-21 میں کیا لکھا:
اور پہلے یہ جان لو کہ کِتابِ مُقدّس کی کِسی نبُوّت کی بات کی تاوِیل کِسی کے ذاتی اِختیار پر مَوقُوف نہیں۔ کیونکہ نبُوّت کی کوئی بات آدمی کی خواہِش سے کبھی نہیں ہُوئی بلکہ آدمی رُوحُ القُدس کی تحرِیک کے سبب سے خُدا کی طرف سے بولتے تھے۔ (2 پطرس 20:1-21)
رسولی دور کے بعد سے، روح اب مزید نیا کلامِ مقدس الہام نہیں کرتا۔ لیکن وہ خاص الہام جو اُس نے عہد نامہِ قدیم اور عہد نامہِ جدید میں فراہم کیا، ہر دور کے مسیحیوں پر اُس کی مرضی ظاہر کرنا جاری رکھتا ہے۔
تیسرا پہلو یہ ہے ، عام الہام اور خاص الہام فراہم کرنے کے علاوہ، روح القدس "روشنی" اور "اندرونی رہنمائی" کے ذریعے بھی افراد کی رہنُمائی کا کام کرتا ہے۔
ہم 2 پطرس 21:1 میں پڑھتے ہیں کہ عہد نامہِ قدیم کے نبی خدا کی طرف سے بولتے تھے کیونکہ وہ روح القدس کی تحریک کے مطابق چلتے تھے، جس کا مطلب یہ ہے کہ روح القدس، جو کلیسیا کو دیا گیا ہے، ہمیں وہ سب سمجھنے کے لیے روشنی عطا کرے گا جو اُس نے نبیوں میں الہام کیا تھا۔ کوئی نیا الہام نہیں آ رہا ہے، لیکن اگر ہمیں موجودہ الہام کو سمجھنا ہے تو ہمیں خدا کے روح سے روشن اور بااختیار ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔
— ڈاکٹر ناکس چیمبلن
روشنی سے مراد ہے:
علم یا فہم کا وہ الٰہی تحفہ جو بنیادی طور پر عقلی یا ذہنی ہو،
جیسے وہ علم جو پطرس نے متی 16:17 میں حاصل کیا تھا کہ یسوع ہی مسیح ہے، ۔
اور اندرونی رہنمائی سے مراد ہے:
علم یا فہم کا وہ الٰہی تحفہ جو بنیادی طور پر جذباتی یا وجدانی ہو۔
اس میں ہمارا ضمیر، اور یہ احساس شامل ہے کہ خدا چاہتا ہے کہ ہم کسی خاص عمل کا راستہ اختیار کریں۔
بائبل میں روشنی اور اندرونی رہنمائی کو ہمیشہ ایک دوسرے سے واضح طور پر الگ نہیں کیا گیا۔ اکثر، کلامِ مقدس ایسے طریقوں سے بات کرتا ہے جو دونوں پر یکساں طور پر لاگو ہوتے ہیں۔ ہمیں 1 کرنتھیوں 9:2-16، افسیوں 17:1، کلسیوں 9:1، اور 1 یوحنا 2:2 27 ایسے ہی حوالے ملتے ہیں۔ مثال کے طور پر افسیوں 17 :1 میں، پولس نے اس طرح بات کی:
ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کا خُدا جو جلال کا باپ ہے تُمہیں اپنی پہچان میں حِکمت اور مُکاشفہ کی رُوح بخشے۔ (افسیوں 17:1)
یہاں، پولس نے روح القدس کو "حکمت اور مکاشفہ کی روح" کہا۔ روشنی اور اندرونی رہنمائی کے زمروں کے لحاظ سے، ہم شاید حکمت کو اندرونی رہنمائی اور مکاشفہ کو روشنی کے طور پر دیکھنے کی طرف مائل ہوں۔ اور ہو سکتا ہے کہ پولس کے ذہن میں یہی بات ہو۔ دوسری طرف، ہو سکتا ہے کہ وہ اُن کے درمیان کوئی واضح فرق کیے بغیر صرف روح کے دونوں کاموں کا مجموعی طور پر ذکر کر رہا ہو ۔
ہم سب کو، ہم سب ہی کو، روح کی روشنی کی ضرورت ہے کیونکہ ہم سب اس کے بغیر روحانی طور پر اندھے ہیں۔ ہم روحانی طور پر اُس طرح اندھے ہیں جیسے چمگادڑ جسمانی طور پر اندھے ہوتے ہیں ، میرا مطلب ہے کہ وہ سورج کو نہیں دیکھ سکتے۔ چنانچہ، جب سورج چمک رہا ہوتا ہے، تو وہ صرف غار کی چھت سے اپنے پیروں کے بل لٹکے رہتے ہیں جہاں وہ دن کے وقت چھپے رہتے ہیں۔ وہ صرف تب دیکھ سکتے ہیں جب وہ رات کو باہر نکلتے ہیں۔ خیر، دن کے وقت ہماری پوزیشن چمگادڑوں جیسی ہے۔ خدا کا نور چمک رہا ہے، لیکن گناہ نے ہماری روحانی صلاحیتوں میں جو بگاڑ پیدا کیا ہے، اُس کی وجہ سے ہم خدا اور اُس کے کلام کی حقیقت کو پہچاننے کے قابل نہیں ہیں۔ ہمیں شاید ایک دھندلا سا احساس ہو کہ خدا کہیں موجود ہے، لیکن ہم اس بات کو سمجھ نہیں سکتے کہ کلامِ مقدس کے احکامات ہمارے لیے ہیں؛ کلامِ مقدس کے وعدے ہمارے لیے ہیں۔ خداوند یسوع کی بائبل میں پیش کش ہمارے سامنے اس لیے رکھی گئی ہے کہ ہم اُس پر بھروسہ کریں اور نئی زندگی میں داخل ہوں۔ عہد نامہِ جدید تمثیلی طور پر کہتا ہے کہ اُس موڑ پر ہم اندھے ہیں، ہم بہرے ہیں، ہمارے دل سخت ہیں، تاکہ خدا کا کلام ہم پر کوئی اثر نہ کرے۔ اور میں اب 2 کرنتھیوں 4 سے اقتباس دے رہا ہوں ۔پھر عہد نامہِ جدید کہتا ہے کہ "جس خدا نے کہا کہ تاریکی میں سے نور چمکے،" (یہ یقیناً تخلیق کے وقت کی بات ہے) ، "وہی ہمارے دلوں میں چمکا تاکہ خدا کے جلال کی پہچان کا نور یسوع مسیح کے چہرے سے ظاہر ہو۔" یہ روح کی روشنی ہے، اور جب وہ روشنی ہمیں دی جاتی ہے، تو ہم مسیح کو روحانی طور پر دیکھتے ہیں، ہم اُس کی حقیقت کو پہچانتے ہیں، ہم سنتے اور محسوس کرتے ہیں کہ وہ ہمیں اپنی طرف بلا رہا ہے۔
— ڈاکٹر جے آئی پیکر
روشنی اور اندرونی رہنمائی وہ عام ذرائع ہیں جنہیں روح القدس اپنے لوگوں کو اپنی ظاہر کردہ سچائیاں سکھانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ اسی مناسبت سے، کم از کم تین ایسی چیزیں ہیں جو ہم اپنی زندگیوں میں اس خدمت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کر سکتے ہیں۔ اول ، ہم خود کو بائبل کے مطالعہ کے لیے وقف کر سکتے ہیں، یہ جانتے ہوئے کہ جب ہم ایسا کرتے ہیں، تو روح القدس اکثر ہمارے فہم کی رہنمائی کرے گا۔ دوم، ہم خود کو دعا کے لیے وقف کر سکتے ہیں، اور روح القدس سے مسلسل رہنمائی، حکمت، سمجھ بوجھ اور فرمانبرداری کے ارادے کی درخواست کر سکتے ہیں۔ اور سوم ، ہم ان سچائیوں کے مطابق جینے کا پختہ عزم کر کے، جو روح ہمیں سکھاتا ہے، خود کو راستباز اور پاکیزہ زندگی کے لیے وقف کر سکتے ہیں ۔
رسولوں کے عقیدےپر اس سبق میں، ہم نے روح القدس کے عقیدے کا جائزہ لیا ہے۔ ہم نے عقیدے اور اس کی بائبلی بنیاد کے حوالے سے روح کی الوہیت پر غور کیا ہے۔ ہم نے اس کی صفات کے مطابق اور باپ اور بیٹے کے ساتھ اس کے تعلق کی روشنی میں اس کی شخصیت کو دریافت کیا ہے۔ اور ہم نے اس کی تخلیقی قدرت، تقدیس، فضل اور الہام کے کاموں کے بارے میں بات کی ہے۔
روح القدس کا عقیدہ مسیحیوں کے لیے ایک بھرپور چشمہ ہے۔ یہ ہمیں تثلیث کی تیسرے ہستی کے بارے میں سکھاتا ہے، جو ہر وقت ہماری مدد کا وہ ذریعہ ہے جو ہمارے قریب ترین ہے۔ یہ ہمیں اُس ہستی سے روشناس کرتا ہے جو ہمیں خدا کو پسند آنے والے طریقوں سے جینے کی ترغیب دینے اور بااختیار بنانے کے لیے سب سے زیادہ ذمہ دار ہے۔ اور یہ ہمیں یہ پختہ یقین دلاتا ہے کہ خدا ہر وقت دنیا میں گہرے اور ذاتی طور پر شامل ہے، اور ہمیشہ ہر اُس شخص کی بھلائی کے لیے کام کر رہا ہے جو اُس پر اپنا ایمان رکھتا ہے۔
ڈاکٹر وان گیٹن (میزبان) دی ولیمز بائبل انسٹی ٹیوٹ اینڈ سیمنری میں اکیڈیمک ڈین ہیں اور دنیا بھر کی متعدد ممتاز سیمنریوں اور یونیورسٹیوں میں بائبل کے ایک معروف استاد اور لکچرار رہے ہیں۔ ڈاکٹر گیٹن نے چار سال تک وفاقی بیورو آف پریزنز کے چیپلین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور واشنگٹن ڈی سی میں انسٹی ٹیوٹ آف ریلیجن اینڈ پبلک پالیسی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل رہے۔ ڈاکٹر گیٹن نے انٹرنیشنل سیمنری سے ماسٹر آف تھیالوجی، لوگوس بائبل کالج سے ماسٹر آف ڈیوینیٹی، کرسچن لیڈرشپ یونیورسٹی سے ڈاکٹر آف بائبل فلاسفی، فیتھ تھیالوجیکل سیمنری سے ڈاکٹر آف تھیالوجی اور ریفارمڈ تھیالوجیکل سیمنری سے ڈاکٹر آف منسٹری کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔ انہیں رسولی جانشینی (Apostolic Succession) میں ایک بشپ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے انٹرنیشنل کمیونٹی آف کرسچن چرچز کے آرچ بشپ کے طور پر خدمات انجام دیں، جو کہ مسیح کے بدن کی تاریخی وحدت کو بحال کرنے کے لیے وقف ایک منسٹری ہے۔
ڈاکٹر سٹیو بلیک مور ویسلی ببلیکل سیمنری میں فلسفے کے اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔
ڈاکٹر ناکس چیمبلن (1935-2012) نے ریفارمڈ تھیولوجیکل سیمنری میں عہد نامہِ جدید کے پروفیسر کے طور پر خدمت انجام دی۔
ڈاکٹر جے لیگن ڈنکن III ریفارمڈ تھیولوجیکل سیمنری کے چانسلر اور سی ای او (CEO) ہیں اور سسٹیمیٹک اور ہسٹوریکل تھیولوجی کے جان ای رچرڈز پروفیسر ہیں۔
ڈاکٹر جان ایم فریم آرلینڈو، فلوریڈا میں ریفارمڈ تھیولوجیکل سیمنری میں سسٹیمیٹک تھیولوجی اور فلسفے کے پروفیسر ایمریٹس ہیں۔
ڈاکٹر سٹیو ہارپر آرلینڈو، فلوریڈا میں اسبری تھیولوجیکل سیمنری کے فلوریڈا-ڈنہم کیمپس کے بانی نائب صدر، اور روحانی تربیت اور ویسلی اسٹڈیز کے ریٹائرڈ پروفیسر ہیں۔
ڈاکٹر ڈینس ای جانسن ویسٹ منسٹر سیمنری کیلیفورنیا میں پریکٹیکل تھیولوجی کے پروفیسر ایمریٹس ہیں۔
ڈاکٹر کیتھ جانسن 'کِرو' (Cru) (سابقہ کیمپس کروسیڈ فار کرائسٹ) کے لیے تھیولوجیکل ایجوکیشن کے نیشنل ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ریفارمڈ تھیولوجیکل سیمنری میں سسٹیمیٹک تھیولوجی کے مہمان پروفیسر ہیں۔
ڈاکٹر ریاض قصیس انٹرنیشنل کونسل فار ایوینجیلیکل تھیولوجیکل ایجوکیشن کے انٹرنیشنل ڈائریکٹر ہیں۔
ڈاکٹر آر البرٹ موہلر جونیئر دی سدرن بپتسٹ تھیولوجیکل سیمنری کے صدر ہیں۔
ڈاکٹر جے آئی پیکر (1926-2020) وینکوور، برٹش کولمبیا میں ریجنٹ کالج میں تھیولوجی کے بورڈ آف گورنرز کے پروفیسر تھے اور انہوں نے برطانیہ اور امریکہ میں بڑے پیمانے پر وعظ اور لیکچر دیے۔
ڈاکٹر گلین جی اسکورجی بیتھل سیمنری، سان ڈیاگو میں تھیولوجی کے پروفیسر ہیں۔
ڈاکٹر مارک ایل سٹراس بیتھل سیمنری، سان ڈیاگو میں عہد نامہِ جدید کے پروفیسر ہیں۔
ڈاکٹر کے ایرک تھوینس بیولا یونیورسٹی کے ٹالبوٹ اسکول آف تھیولوجی میں ببلیکل اور تھیولوجیکل اسٹڈیز کے پروفیسر ہیں۔
ڈاکٹر ڈیرک تھامس اٹلانٹا، جارجیا میں ریفارمڈ تھیولوجیکل سیمنری میں سسٹیمیٹک اور ہسٹوریکل تھیولوجی کے پروفیسر ہیں۔
ریورنڈ ڈاکٹر سائمن وائبرٹ کرائسٹ چرچ ورجینیا واٹر، انگلینڈ کے سینئر پاسٹر ہیں، اور وائکلف ہال، آکسفورڈ میں اسکول آف پریچنگ کے سابق وائس پرنسپل اور ڈائریکٹر ہیں۔
ڈاکٹر پیٹر واکر نے ٹرنیٹی اسکول فار منسٹری میں ببلیکل اسٹڈیز کے پروفیسر اور وائکلف ہال، آکسفورڈ میں ایسوسی ایٹ وائس پرنسپل کے طور پر خدمت انجام دی ہے۔ وہ اس وقت یروشلم سینٹر فار ببلیکل اسٹڈیز کے ساتھ انسٹرکٹر ہیں۔
ڈاکٹر سٹیفن جے ویلم دی سدرن بپتسٹ تھیولوجیکل سیمنری میں کرسچن تھیولوجی کے پروفیسر ہیں۔
ڈاکٹر ڈونلڈ ایس وائٹنی دی سدرن بپتسٹ تھیولوجیکل سیمنری میں ببلیکل اسپرچوئیلٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور اسکول آف تھیولوجی کے سینئر ایسوسی ایٹ ڈین ہیں۔
جان کیلون (1509-1564): فرانسیسی الٰہیات دان اور کلیدی پروٹسٹنٹ مصلح جنہوں نے "مسیحی مذہب کے ادارے" (Institutes of the Christian Religion) تصنیف کی۔
انقطاع پسند (Cessationist): وہ شخص جو یہ نکتہ ِ نظر رکھتا ہے کہ عہد نامہِ جدید کے دور میں ظاہر ہونے والی مافوق الفطرت نعمتیں، جیسے غیر زبانیں بولنا، نبوت اور معجزاتی شفا، صرف انجیل کی خصوصی اشاعت اور رسولوں کے وقت کلیسیا کے قیام کے لیے دی گئی تھیں اور یہ نعمتیں اب ختم ہو چکی ہیں۔
عام فضل : خدا کی وہ مہربانی جو تمام لوگوں پر ظاہر کی جاتی ہے۔
قابلِ انتقال صفات (Communicable Attributes): خدا کی وہ خصوصیات جو کسی حد تک اُس کی مخلوق میں منتقل کی جا سکتی ہیں (مثلاً حکمت، قدرت، نیکی)۔
دوام پسند (Continuationist): وہ شخص جو یہ نکتہ ِ نظر رکھتا ہے کہ عہد نامہِ جدید کے دور میں ظاہر ہونے والی مافوق الفطرت نعمتیں، جیسے غیر زبانیں بولنا، نبوت اور معجزاتی شفا، آج بھی جاری ہیں۔
عہدی فضل : وہ تحمل اور فوائد جو خدا ہر اُس شخص کو دیتا ہے جو اُس کے عہدی لوگوں کا حصہ ہے، چاہے وہ حقیقی ایماندار نہ بھی ہوں۔
انتظامی : اس اصطلاح کا مطلب ہے "گھریلو انتظام سے متعلق"؛ یہ تب استعمال ہوتی ہے جب اس بات کا ذکر ہو کہ تثلیث کے تینوں اشخاص ایک دوسرے سے کیسے تعلق رکھتے ہیں۔
عام الہام : خدا کا قدرتی دنیا اور اس کے نظام کو استعمال کرتے ہوئے اپنے وجود، فطرت، موجودگی، افعال اور مرضی کو تمام انسانیت پر ظاہر کرنا۔
ہپولیٹس (تقریباً 170 - 236 عیسوی): روم کے الٰہیات دان جنہوں نے "Against the Heresy of One Noetus" لکھی، جس میں انہوں نے کلامِ مقدس کا عقیدے میں حتمی اختیار کے طور پر دفاع کیا۔
پاک / مقدس : اخلاقی طور پر خالص؛ خدا کی خصوصی خدمت میں استعمال کے لیے الگ کیا ہوا۔
روشنی : علم یا فہم کا وہ الٰہی تحفہ جو بنیادی طور پرعقلی (ذہنی) ہو اور جس کی نسبت روح القدس کے کام کی طرف کی جاتی ہو۔
غیر منتقل شدہ صفات : خدا کی وہ خصوصیات جو انسان میں منتقل نہیں ہو سکتیں (مثلاً قادرِ مطلق ہونا، ہمہ دان ہونا، ہر جگہ موجود ہونا، ابدیت)۔
غیر مرئی کلیسیا : تمام ادوار کے وہ تمام لوگ جو نجات کے لیے مسیح کے ساتھ متحد ہو چکے ہیں۔
اندرونی رہنمائی : علم یا فہم کا وہ الٰہی تحفہ جو بنیادی طور پر جذباتی یا وجدانی ہو اور جس کی نسبت روح القدس کے کام کی طرف کی جاتی ہو۔
جوہری : اس اصطلاح کا مطلب ہے "وجود سے متعلق"؛ یہ اس حقیقت کی طرف اشارہ کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے کہ تثلیث کے تینوں اشخاص ایک ہی الٰہی صفات اور جوہر رکھتے ہیں۔
تقدیس : لوگوں اور چیزوں کو پاک بنانے کا عمل۔
نجات بخش فضل : نجات کی وہ برکتیں جن کا اطلاق روح القدس کے ذریعے حقیقی ایمانداروں پر ہوتا ہے۔
خاص الہام : خوابوں، رویاؤں، نبیوں، کلامِ مقدس اور دیگر اسی طرح کے ذرائع سے خدا کا اپنے آپ کو اور اپنی مرضی کو مخصوص لوگوں پر ظاہر کرنا۔
چارلس اسپرجن (1834-1892): انیسویں صدی کے برطانوی پاسبان اور مصنف؛ انہیں اکثر "واعظوں کا شہزادہ" کہا جاتا ہے۔
نظر آنے والی کلیسیا : وہ لوگ جو باقاعدگی سے جمع ہونے والی کلیسیا کا حصہ ہیں؛ وہ جو عوامی طور پر مسیح پر ایمان کا اقرار کرتے ہیں لیکن ہو سکتا ہے کہ وہ حقیقی نجات بخش ایمان رکھتے ہوں یا نہ رکھتے ہوں۔
Continue reading the full transcript