From the transcript
ایک وقت تھا کہ میں یوکرین میں پڑھایا کرتا تھا۔ مجھے وہ دن آج بھی یاد ہے جب میرے پاس میٹرو ٹرین کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے صرف چند منٹ تھے۔ میں اسٹیشن کی طرف لپکا، سیڑھیاں پھلانگیں اور دروازے بند ہونے سے عین پہلے ٹرین میں سوار ہو گیا۔ یہ شہر کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک کا طویل سفر تھا، اس لیے میں اپنی سانس بحال کرنے اور چند منٹ سکون پانے کے لیے بیٹھ گیا۔ پھر اچانک مجھ پر یہ حقیقت کھلی کہ میں نے غلط سمت جانے والی ٹرین پکڑ لی تھی! اب ظاہر ہے کہ اگلا میٹرو اسٹیشن میلوں دور تھا اور وہاں تک پہنچنے میں ایک لمبا وقت لگا۔ جب تک میں واپس مڑا اور درست سمت میں روانہ ہوا، یہ واضح ہو چکا تھا کہ مجھے بہت دیر ہو جائے گی۔ مجھے یاد ہے کہ میں نے دل میں سوچا، "خیر، یہ صورتحال ویسی تو نہیں جیسی میں نے چاہی تھی، لیکن کم از کم اب میں درست سمت میں تو جا رہا ہوں۔"
میرا خیال ہے کہ زندگی کے اکثر معاملات میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔ کوئی بھی صورتحال کبھی بھی مثالی نہیں ہوتی، اور اکثر اوقات تو مثالی ہونے کے قریب بھی نہیں ہوتی۔ ہمیں ہر جگہ بہت سے مسائل اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پھر بھی، ہم سب جانتے ہیں کہ غلط راستے پر چلنے سے بہتر یہی ہے کہ انسان کم از کم درست سمت میں گامزن ہو۔
ہم نے اس سبق کو "درست سمت" کا عنوان دیا ہے، اور اس میں ہم پیدائش 9:6 سے 9:11 تک کا مطالعہ کریں گے اور ہم اس سمت کو دریافت کریں گے جو خدا نے نوح کے دنوں میں آنے والے عظیم طوفان کے بعد اپنے لوگوں کے لیے مقرر کی تھی۔ جیسا کہ ہم دیکھیں گے، قدیم تاریخ کے ان ابواب میں موسیٰ نے بنی اسرائیل کو پیروی کے لیے ایک واضح سمت عطا کی۔ ہو سکتا ہے کہ وہ سمت اُن کی مرضی کے مطابق نہ ہو، لیکن یہ خدا کی طرف سے مقرر کی گئی تھی تاکہ انہیں عظیم برکات کی طرف لے جائے۔ اور قدیم تاریخ کا یہ حصہ مسیحیوں کے لیے بھی بہت اہم ہے، کیونکہ ہمیں بھی اسی سمت کی پیروی کرنی چاہیے۔
پیدائش 9:6–9:11 کا ہمارا مطالعہ تین حصوں پر مشتمل ہوگا: پہلے، ہم ان ابواب کی ادبی ساخت کا جائزہ لیں گے؛ پھر ہم ان کا اصل مفہوم تلاش کریں گے تاکہ یہ جان سکیں کہ موسیٰ نے اسرائیل کے لیے یہ کیوں لکھا؛ اور آخر میں ہم اپنی زندگیوں پر ان ابواب کے اطلاق کے لیے عہد نامہِ جدید سے رہنمائی حاصل کریں گے۔ آئیے ان ابواب کی ادبی ساخت کے مطالعے سے "درست سمت" کے بارے میں اپنی تحقیق کا آغاز کرتے ہیں۔
پیدائش 96:6–9:11 قدیم تاریخ کا ایک بڑا حصہ ہے، اور اس کی ترتیب کئی مختلف طریقوں سے بیان کی جا سکتی ہے۔ اپنے مقصد کے لیے، ہم نے ان ابواب کو دو اہم حصوں میں تقسیم کیا ہے۔ پہلا حصہ 9:6–17:9 پر مشتمل ہے، جسے ہم نے "نجات کا طوفان" کا عنوان دیا ہے۔ پیدائش کے اس حصے میں موسیٰ نے نوح کے دور کے طوفان کو بیان کیا ہے۔ اس مواد کا دوسرا حصہ پیدائش 18:9–9:11 ہے، جسے ہم نے "نیا نظام" کا عنوان دیا ہے۔ اس حصے میں کئی اہم واقعات درج ہیں جو طوفان کے بعد پیش آئے، اور جنہوں نے طوفان کے بعد کی دنیا کے لیے مستقل نمونے قائم کیے۔ ان ابواب کے ادبی نمونے کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے، ہم ان دونوں بڑے حصوں کا جائزہ لیں گے۔ آئیے موسیٰ کی طرف سے نوح کے دور کے طوفان کے بارے میں لکھی گئی کہانی کی ساخت کے معائنے سے آغاز کرتے ہیں۔
Continue reading the full transcript