From the transcript
ہم سب جانتے ہیں کہ زمین کی قوموں کے درمیان بہت سے فرق پائے جاتے ہیں۔ ان سب کا اپنا جغرافیہ، الگ پہچان رکھنے والے نسلی گروہ اور منفرد روایات ہوتی ہیں۔ لیکن زیادہ تر قوموں میں کم از کم ایک چیز مشترک ہے: ہم سب کے پاس ایسی کہانیاں موجود ہیں جو بتاتی ہیں کہ ہماری قوم کا آغاز کیسے ہوا تھا۔ ہم میں سے بہت سے لوگ ان لوگوں کی قربانیوں اور کامیابیوں کے بارے میں سننا پسند کرتے ہیں جنہوں نے ہماری قوم کی بنیاد رکھی تھی۔ ہم ان کی بہادری کی تعریف میں گیت لکھتے اور گاتے ہیں۔
ان آغاز کی کہانیوں کو ہم اتنا اہم کیوں سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے کو کیوں سناتے ہیں؟ یہ تقریباً ہر انسانی ثقافت کا اتنا اہم حصہ کیوں ہے؟
اس کی کم از کم دو وجوہات ہیں۔ ایک طرف، ہم اپنی قوموں کے آغاز کے بارے میں بات کرتے ہیں تاکہ ماضی کی یادوں کو اگلی نسلوں تک منتقل کر سکیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے اپنی جڑوں کو یاد رکھیں کہ وہ کہاں سے آئے تھے۔ لیکن دوسری طرف، ہم ان نظریات کو بھی یاد رکھنا چاہتے ہیں جنہوں نے ماضی میں ہماری قوموں کی رہنمائی کی تھی تاکہ ہم مستقبل کے لیے سمت تلاش کر سکیں۔
کچھ اسی طرح کی بات پرانے عہد نامے میں خدا کے لوگوں کے لیے بھی درست تھی۔ قدیم اسرائیلی اپنی ابتدا کی کہانیوں سے محبت رکھتے تھے اور انہیں انہی دو وجوہات کی بنا پر نسل در نسل منتقل کرتے تھے۔ وہ اپنے آباؤ اجداد کے وقت کے بارے میں بتاتے تھے تاکہ بہت پہلے کے واقعات کو یاد رکھیں اور ماضی کی عظیم کامیابیاں بھلا نہ دی جائیں۔ لیکن وہ یہ کہانیاں نسل در نسل اس لیے بھی منتقل کرتے تھے تاکہ خود کو اس سمت کی یاد دہانی کرائیں جس پر انہیں مستقبل میں چلنا چاہیے۔
یہ ہمارے سلسلے کا پہلا سبق ہے جس کا عنوان ہے، 'باپ ابرہام'۔ اس سلسلے میں ہم ان کہانیوں کا جائزہ لیں گے جو قدیم اسرائیلی اپنے عظیم بزرگ ابرہام کے بارے میں سناتے تھے۔ اور ہم دیکھیں گے کہ موسیٰ نے یہ کہانیاں پیدائش کی کتاب میں اس لیے لکھیں تاکہ اس کے دور کے اسرائیلی ماضی کو یاد رکھیں، اور تاکہ وہ اس مستقبل کو بھی زیادہ واضح طور پر سمجھ سکیں جو خدا نے ان کے لیے تیار کر رکھا تھا۔
یہ اس سلسلے کے تین اسباق میں سے پہلا سبق ہے، اور ہم نے اسے یہ عنوان دیا ہے: "ابرہام کی زندگی: ساخت اور مواد"۔ اس سبق میں ہم پیدائش کی کتاب کے ان ابواب کا جائزہ لیں گے جو ابرہام کی زندگی کے بارے میں ہیں ۔ موسیٰ نے ابرہام کی زندگی کے بیان کو کس طرح ترتیب دیا؟ ان ابواب کے پیچھے بنیادی سوچ کیا تھی اور اہم پہلو کیا تھے؟
ہم ابرہام کی زندگی کی ساخت اور مواد کا دو حصوں میں جائزہ لیں گے: پہلے، ہم اس مواد کی ادبی ساخت یا ترتیب کو دیکھیں گے۔ اور دوسرا، ہم ان ابواب کے بڑے موضوعات کا معائنہ کریں گے۔ آئیے سب سے پہلے ابرہام کی زندگی کی ادبی ساخت پر نظر ڈالتے ہیں۔
Continue reading the full transcript