From the transcript
مسیح کے مخلص پیروکار کلامِ مقدس سے محبت کرتے ہیں۔ ہم یہ دیکھتے ہیں کہ کلام ہماری زندگیوں سے بہت سے مختلف اور نہایت ذاتی طریقوں سےاثر کرتا ہے۔ کلامِ مقدس کے بارے میں یہ ایک ایسی قیمتی سچائی ہے جسے مسیحیوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔ لیکن کئی بار کلامِ مقدس کی یہ حیرت انگیز ذاتی جہت درحقیقت ہم سے وہ چیز اوجھل کر دیتی ہے جسے ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ بائبل براہِ راست آپ کے لئے یا میرے لئے نہیں لکھی گئی تھی۔ پہلی بات یہ ہے کہ کلامِ مقدس ان لوگوں کو لکھا گیا تھا جو ہزاروں سال پہلے رہتے تھے۔ اس لیے جب ہم یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کلامِ مقدس کا اطلاق آج ہماری زندگیوں پر کیسے ہوتا ہے، تو ہمیں ہمیشہ اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ہم اپنے جدید اطلاقات کی بنیاد کلامِ مقدس کے اصل معنی پر رکھیں۔
یہ ہمارے اسباق کا ایک سلسلہ ہے جسے ہم نے "باپ ابرہام" کا عنوان دیا ہے۔ اور ان اسباق میں ہم ابرہام کی زندگی کے اس حصے پر تحقیق کر رہے ہیں جو پیدائش 10:11 سے 18:25 میں نظر آتا ہے۔
یہ تین تعارفی اسباق میں سے دوسرا سبق ہے، اور ہم نے اس سبق کو "ابرہام کی زندگی: اصل مفہوم " کا عنوان دیا ہے۔ اس سبق میں ہم دیکھیں گے کہ ابرہام کی زندگی کی کہانیوں کو اِس پس منظر میں پڑھنا کتنا اہم ہے کہ وہ کب لکھی گئی تھیں اور کس کو لکھی گئی تھیں۔ ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ ان داستانوں نے بنی اسرئیل پر کیا اثر مرتب کرنا تھا، جب کہ وہ موسیٰ کی پیروی کر رہے تھے۔
ہم دو اہم مسائل پر غور کر کے پیدائش 10:11 سے 18:25 کا اصل مفہوم تلاش کریں گے۔ پہلے، ہم اس بات کی نشاندہی کریں گے کہ موسیٰ نے ابرہام کی زندگی کی تاریخ اور اپنے اصل قارئین کے تجربات کے درمیان تعلق کیسے جوڑا ۔ اور دوسرا، ہم ان میں سے کچھ اثرات کا خلاصہ کریں گے جو یہ تعلقات اصل قارئین پر مرتب کرتے تھے۔
ابرہام کی زندگی کے اصل معنی پر نظر ڈالنے سے پہلے، ہمیں پچھلے سبق میں سیکھی گئی باتوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ اس مقام تک، ہم نے دو اہم مسائل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ پہلے، ہم نے یہ دیکھا کہ پیدائش 1:12-3 ابرہام کی کہانی میں چار بڑے موضوعات کو ظاہر کرتا ہے ۔ ابرہام کے لیے خدا کا فضل (وہ بہت سے طریقے جن سے خدا نے اس بزرگ پر رحم کیا)، خدا کا وفادار رہنے کی ابرہام کی ذمہ داری (وہ بہت سے طریقے جن سے خدا نے ابرہام سے اپنی اطاعت کی توقع کی)، ابرہام کے لیے خدا کی برکات (ایک عظیم قوم، بہت سے بچوں، ایک زمین اور ایک بڑے نام کے وعدے) اور ابرہام کے ذریعے دوسروں کے لیے خدا کی برکات (یہ وعدہ کہ ابرہام زمین کے تمام خاندانوں کے لیے برکت ہوگا)۔
اس کے علاوہ، ہم نے یہ بھی دیکھا ہے کہ ان بڑے موضوعات نے پیدائش میں ابرہام کی کہانی بیان کرنے کے طریقے کو تشکیل دیا ہے۔ ہم نے سیکھا ہے کہ ابرہام کی کہانی پانچ متوازن مراحل میں تقسیم ہوتی ہے۔ پہلے، ہم 10:11 سے 9:12 میں ابرہام کے پس منظر اور ابتدائی تجربات سے آغاز کرتے ہیں۔ دوسرا، کئی واقعات 10:12 سے 24:14 میں دیگر اقوام کے نمائندوں کے ساتھ ابرہام کے ابتدائی باہمی تعلقات پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ ابرہام کی زندگی کا تیسرا اور مرکزی حصہ، 1:15 سے 27:17 میں، اس عہد پر توجہ دیتا ہے جو خدا نے ابرہام کے ساتھ کیا تھا۔ ابرہام کی زندگی کا چوتھا حصہ 1:18 سے 34:21 میں دیگر اقوام کے نمائندوں کے ساتھ ابرہام کے بعد کے باہمی تعلقات کی طرف مڑتا ہے۔ اور پانچواں حصہ 1:22 سے 18:25 میں ابرہام کی نسل اور وفات سے متعلق ہے۔
Continue reading the full transcript